دنیا

بارشوں سے سعودی عرب کے خشک علاقے سرسبز و شاداب ہوگئے

موسمی بارشوں کے بعد مدینہ منورہ کے مغربی علاقے میں واقع محافظہ حنفیہ کے پہاڑ اور میدان سرسبز و شاداب ہوگئے۔

موسمی بارشوں نے سعودی عرب کی بعض خشک زمینوں کو سرسبز و شاداب علاقوں میں تبدیل کر دیا ہے، جس کی وجہ سے مویشی پالنے والوں کو اپنے مویشیوں کے لیے چارہ مل رہا ہے اور سیاحوں کو اپنی طرف راغب کر رہے ہیں۔

عرب نیوز میں شائع ہونے والی سعودی پریس ایجنسی ( ایس پی اے) کی رپورٹ کے مطابق ان مقامات میں مدینہ منورہ کے مغربی علاقے میں واقع محافظہ حنفیہ بھی شامل ہے جہاں کے پہاڑ اور میدان سرسبز و شاداب ہوگئے ہیں۔

ایس پی اے نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ یہ تازہ ترین مناظر سیاحوں کو مختلف بیرونی سرگرمیوں میں مشغول ہونے کے لیے بہترین جگہ فراہم کرتے ہیں۔

سرسبز و شاداب زمینوں پر چرتے اونٹوں کے جھنڈ ایک خوبصورت قدرتی منظر پیش کرتے ہیں۔

شمالی سرحدی علاقے میں رفحہ گورنریٹ کے جنوب میں واقع زولا اسی طرح کا ایک اور مقام ہے، جو اس وقت گھاس چرتی بھیڑوں سے بھرا ہوا ہے۔

زبیدہ ٹریل پر واقع ایک اہم پڑاؤ ’زولا‘ تاریخی اہمیت اور قدرتی خوبصورتی کی خصوصیات رکھتا ہے۔

بھیڑ پالنے والوں کے لیے بہترین چراگاہ کے علاوہ، پھلتی پھولتی چراگاہیں دیہی مناظر سے لطف اندوز ہونے کے خواہاں خاندانوں اور پیدل چلنے والوں کو بھی اپنی طرف راغب کرتی ہیں۔

یہ گاؤں، اپنی محفوظ یادگاروں کے ساتھ، زبیدہ زیارت کے راستے پر ایک اہم اسٹیشن کے طور پر اپنے ماضی کی ایک جھلک پیش کرتا ہے۔