دنیا

دبئی میں سونے کی فی گرام قیمت 2.25 درہم اضافے سے نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

دبئی میں 24 قیراط سونے کا نرخ 2.25 درہم بڑھ کر 347 درہم فی گرام ہو گیا جو گزشتہ ہفتے مارکیٹ کے اختتام پر 344.75 درہم فی گرام تھا۔

دبئی میں سونے کی قیمت سوا 2 درہم فی گرام اضافے سے نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وقت کے مطابق صبح 9 بجے 24 قیراط سونے کا نرخ سوا دو درہم بڑھ کر 347 درہم فی گرام ہو گیا جو گزشتہ ہفتے مارکیٹ کے اختتام پر 344.75 درہم فی گرام تھا۔

دبئی میں 22 قیراط، 21 قیراط اور 18 قیراط سونے کی قیمتیں بالترتیب 322.75 درہم، 309.5 درہم اور 265.25 درہم فی گرام ہیں، عالمی سطح پر سونے کی فی اونس قیمت 0.58 فیصد اضافے سے 2ہزار 878.59 ڈالر رہی۔

ٹھوس طلب، امریکی ٹیرف پالیسی کے بارے میں غیر یقینی صورتحال اور جغرافیائی سیاسی تناؤ کی وجہ سے سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق حیرت انگیز طور پر بلند قیمتوں کی وجہ سے دنیا بھر میں زیورات کے شعبے میں طلب میں کمی واقع ہوئی اور سونے کے زیورات کی سالانہ کھپت 11 فیصد کم ہوکر 1877 ٹن رہ گئی۔

مرکزی بینکوں نے 2024 میں سونے کی خریداری میں تیزی سے اضافہ جاری رکھا اور مسلسل تیسرے سال 1000 ٹن سے زیادہ سونا خریدا، کونسل نے کہا ہے کہ گزشتہ سال کی چوتھی سہ ماہی میں سونے کی خریداری نمایاں اضافے سے 333 ٹن تک پہنچ گئی اور مرکزی بینکوں کی سالانہ مجموعی خریداری 1،045 ٹن ہوگئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سونے کی مجموعی سپلائی میں سال بہ سال ایک فیصد اضافہ ہوا اور یہ 4794 ٹن کی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ جاری ہے اور گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز فی تولہ سونے کی قیمت پہلی بار 3 لاکھ روپے سے تجاوز کرگئی تھی۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق جیولرز ایسوسی ایشن نے بتایا تھا کہ پاکستان میں 24 قیراط کے سونے کی فی تولہ قیمت ایک ہزار 346 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 46 روپے ریکارڈ کی گئی۔