سائنس و ٹیکنالوجی

واٹس ایپ پر اے آئی کا علیحدہ ٹیب شامل کیے جانے کا امکان

ممکنہ طور پر مذکورہ ٹیب پر جاکر تمام اے آئی ٹولز کو واٹس ایپ پر رہتے ہوئے استعمال کرنا ممکن ہوگا۔

انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) فیچرز اور ٹولز کے استعمال کا علیحدہ ٹیب متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

واٹس ایپ پر اس وقت میٹا کا اے آئی لاما چیٹ بوٹ دستیاب ہے، تاہم نئے فیچر کے تحت ایپلی کیشن پر اے آئی ٹولز کا علیحدہ ٹیب شامل کیا جائے گا۔

واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق میسیجنگ ایپلی کیشن کے ماہرین اے آئی ٹیب کو متعارف کرانے پر کام کر رہے ہیں اور اس کی آزمائش محدود صارفین کو رسائی دے کر شروع کردی گئی۔

رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ میں نیچے دیے گئے نیویگیشن بار میں ’کمیونٹیز‘ کی جگہ ’اے آئی‘ کا ٹیب دیا جائے گا۔

’اے آئی‘ کا ٹیب دیے جانے کے بعد واٹس ایپ سے ’کمیونٹیز‘ کا ٹیب ہٹ جائے گا، تاہم صارفین ’کمیونٹیز‘ کے فیچرز کو استعمال کر سکیں گے اور نئی کمیونٹیز بھی بنا سکیں گے۔

’اے آئی‘ ٹیب میں جانے کے بعد صارفین نہ صرف میٹا کے تمام اے آئی ٹولز اور فیچرز کو دیکھ سکیں گے بلکہ دوسرے معروف اے آئی ٹولز اور فیچرز کی بھی وہاں دستیابی یقینی بنائی جا سکے گی۔

ممکنہ طور پر مذکورہ ٹیب پر جاکر تمام اے آئی ٹولز کو واٹس ایپ پر رہتے ہوئے استعمال کرنا ممکن ہوگا۔

واٹس ایپ کی جانب سے مذکورہ فیچر کو پیش کرنے کے حوالے سے کافی عرصے سے کام کیا جا رہا ہے اور مذکورہ فیچر تک متعدد ممالک کے محدود صارفین کو رسائی بھی دی جا چکی ہے۔

ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ مذکورہ فیچر کو کب تک پیش کیا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ اسے رواں برس ہی پیش کردیا جائے گا۔

واٹس ایپ میں وائس نوٹ کو تحریر میں شامل کرنے کا فیچر پیش

چیٹ جی پی ٹی کو واٹس ایپ پر استعمال کرنا ممکن

واٹس ایپ کا رواں سال کا سب سے بڑا فیچر دستیابی کیلئے تیار