دنیا

فرانس: قیدی کو فرار کروانے میں مدد کا الزام، 10 افراد گرفتار

گزشتہ برس مئی میں ایک جیل وین پر فوجی طرز حملے کے بعد قیدی فرار ہو گیا تھا، جبکہ 2 جیل اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے تھے۔

فرانسیسی پولیس نے ایک قیدی کو فرار کروانے میں مدد کے الزام میں 10 افراد کو گرفتار کیا ہے، مفرور کو 9 ماہ بعد رومانیہ پکڑ لیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق پیرس کے پراسیکیوٹر لارے بیکو نے بتایا کہ ان 10 افراد پر امرا کے فرار کرانے میں معاونت کرنے کا الزام ہے، جسے حکام نے ’عوام کا دشمن نمبر ون‘ قرار دیا تھا، اس پر قتل اور منشیات کی اسمگلنگ کے الزامات ہیں، جسے ہفتے کو رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ میں گرفتار کیا گیا تھا۔

گزشتہ برس مئی میں امرا شمالی فرانس میں ایک جیل وین پر ہتھیاروں سے فوجی طرز کے حملے کے بعد فرار ہو گیا تھا۔

حملے میں دو جیل اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے تھے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی تھی۔

فرانس نے 300 سے زیادہ تفتیش کاروں کو امرا کو تلاش کرنے کا کام سونپا تھا، 15 سال کی عمر سے اسے پرتشدد جرائم پر سزائیں ملتی رہی ہیں۔

جس وقت امرا فرار ہوا تھا، اس پر ایک شخص کو قتل کرنے کی کوشش کے الزام تھا، اس کے علاوہ اسے جنوبی شہر مارسیلے میں گینگ لینڈ کے قتل میں معاونت کا الزام کا سامنا تھا۔

پیرس کے پراسیکیوٹر نے ایک بیان میں کہا کہ 10 افراد کو ہفتے اور اتوار کی صبح حراست میں لیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان افراد پر امرا کو فرار کرانے کی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد میں مدد اور مفرور کو چھپنے میں مدد دینے کا الزام ہے۔

رومانیہ کی پولیس نے بتایا کہ امرا کو بخارسٹ کے ایک شاپنگ سینٹر کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا اور اسے مجسٹریٹ کے سامنے لایا جائے گا جو اس کی فرانس کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرے گا۔

پراسیکیوٹر لارے بیکو کا کہنا تھا کہ امرا نے بالوں کو کلر کرکے اپنی ظاہری حالت تبدیل کر لی تھی، اسے چہرے کی شناخت کے آلات اور فنگر پرنٹس کے ذریعے شناخت کیا گیا۔