کھیل

'رزاق اور ملک کیساتھ کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں'

آئندہ ماہ جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں شعیب ملک اور عبدارزاق کو ٹیم کاحصہ بنایا جاتا ہے تو مجھے کوئی مسئلہ نہیں، محمد حفیظ۔

پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ اگر شعیب ملک اور عبدارزاق کو آئندہ ماہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والی سیریز کے لیے قومی ٹیم کا حصہ بنایا جاتا ہے تو انہیں دونوں کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں۔

حفیظ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ہمیشہ سلیکٹرز اور ان کی جانب سے دی جانے والی ٹیم کی بہت عزت کی ہے، سلکٹرز مجھے جو بھی ٹیم دیں گے بطور کپتان میری کوشش ہوتی ہے کہ میں ان کے ذریعے بہترین کارکردگی دکھاؤں اور اس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ ہم ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نویں پوزیشن سے دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

آل راؤنڈر عبدالرزاق اس سے قبل یہ الزام عائد کرتے رہے ہیں کہ ان کے ٹیم سے باہر رہنے کی وجہ محمد حفیظ ہیں اور اسی بیان پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ان پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔

تاہم پی سی بی کے عبوری چیئرمین نجم سیٹھی نے آل راؤنڈر کو ایک اور موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے قائد اعظم ٹرافی میں کارکردگی دکھائیں۔

حفیظ نے کہا کہ جو بھی کھلاڑی سلیکٹ ہو گا وہ پاکستان کی نمائندگی کرے گا اور ہم سب بطور ٹیم کھیلتے ہوئے کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

ایک روزہ میچز کے نمبر ایک اور ٹی ٹوئنٹی کے نمبر تین آل راؤنڈر نے ٹیسٹ میچز میں اپنی خراب بیٹنگ فارم کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ وہ فارم میں واپس آنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم اگر سلیکٹر انہیں ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ کرتے ہیں تو وہ ان کا یہ فیصلہ قبول کریں گے۔

یاد رہے کہ حفیظ گزشتہ پانچ ٹیسٹ میچز سے بدترین فارم کا شکار ہیں اور اس دوران وہ صرف 102 رنز ہی اسکور کر سکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اس فارمیٹ میں فارم کے لیے صرف ایک بڑی اننگ درکار ہے تاہم سلیکٹر کا کام پاکستان کے لیے بہترین ٹیم کا انتخاب ہے، اگر وہ سمجھتے ہیں کہ میری ٹیم میں جگہ بنتی ہے تو ٹھیک ہے ورنہ میں ان کا فیصلہ قبول کروں گا۔