سعودی عرب میں عمرہ زائرین کی بس حادثے کا شکار، 3 خواتین سمیت 5 پاکستانی جاں بحق
سعودی عرب میں عمرہ زائرین کی بس حادثے کا شکار ہونے سے تین خواتین سمیت 5 پاکستانی جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق ضلع بہاولنگر سےگئےعمرہ زائرین کی بس میدان بدر سے مدینہ واپس آتے ہوئے ٹرالر سے ٹکراگئی، جس کے نتیجے میں بس میں سوار 3 خواتین سمیت 5 عمرہ زائرین جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
حادثےکا شکار ہونے والی بس میں ضلع بہاولنگر کے رہائشی 48 عمرہ زائرین سوار تھے اور میدان بدر کی زیارت کرکے مدینہ واپس آرہے تھے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا اظہارافسوس
دریں اثنا اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے سعودی عرب میں عمرہ زائرین کے ساتھ پیش آنے والے حادثے میں بہاولنگر سے تعلق رکھنے والے 5 عمرہ عمرہ زائرین کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عمرہ زائرین کے حادثے کی خبر سن کر دلی دکھ اور افسوس ہوا، جاں بحق افراد کے اہلخانہ کے دکھ اور غم میں برابر کا شریک ہوں۔
ایاز صادق نے سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ کرکے انہیں حادثے کے متاثرین کے ساتھ مکمل تعاون کی ہدایت کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے بس حادثے میں زخمی ہونے والے عمرہ زائرین کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔