دنیا

ترکیہ میں 6.2 شدت کا زلزلہ، 150 سے زائد افراد زخمی

زلزلے کا مرکز استنبول سے 73 کلومیٹر کے فاصلے پر 10 کلو میٹر زیر زمین تھا، 5 شدید آفٹر شاکس بھی ریکارڈ، یوکرین، یونان، بلغاریہ، رومانیہ میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے
Welcome

ترکیہ میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جن کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلے کے باعث عمارتوں سے چھلانے لگانے کی وجہ سے 150 سے زائد افراد زخمی ہوگئے،یوکرین، یونان، رومانیہ اور بلغاریہ سمیت کئی یورپی ممالک میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق مقامی وقت کے مطابق 12 بج کر 49 منٹ پر آنے والے زلزلے کا مرکز ترکیہ کے شہر استنبول سے 73 کلومیٹر کے فاصلے پر 10 کلو میٹر زیر زمین تھا۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کے بعد 2 طاقتور آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے ہیں ، پہلے آفٹر شاک کی شدت 4.5 ریکارڈ کی گئی جس کا مرکز استنبول سے 39 کلومیٹر اور دوسرے کی شدت 5 ریکارڈ کی گئی جس کا مرکز 63 کلومیٹر جبکہ دونوں آفٹر شاکس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔

ترکیہ کے ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی منیجمنٹ پریذیڈنسی کے اعداد و شمار کے مطابق استنبول 40 منٹ میں 3 بار زلزلوں سے لرز اٹھا، زلزلے کے جھٹکے یوکرین، یونان، بلغاریہ، رومانیہ اوردیگرممالک میں بھی محسوس کیے گئے۔

العربیہ انگلش کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم آبنائے باسفورس کے یورپی اور ایشیائی ساحلوں پر واقع شہر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جانے کے بعد لوگوں نے عمارتوں کو خالی کرالیا۔

عالمی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق زلزلے کی وجہ سے 150 سے زائد افراد عمارتوں سے چھلانگ لگانے کے باعث زخمی ہو گئے۔

بہت سے لوگ زلزلے کے آفٹر شاکس محسوس کیے جانے کے بعد بہت سے پارکوں میں جمع ہوگئے اور کئی اپنے گھروں کی دہلیز پر بیٹھے رہے یا باہر کھڑے رہے۔

گورنر استنبول کے گورنر کے دفتر نے بتایا کہ زلزلے کے دوران گھبراہٹ میں عمارتوں سے چھلانگ لگانے کے بعد کل 151 افراد زخمی ہوئے اور انہیں ہسپتال میں طبی امداد دی گئی لیکن کسی کی حالت نازک نہیں ہے۔

گورنر کے دفتر سے مزید بتایا گیا کہ وسطی استنبول میں ایک متروکہ عمارت گر گئی، لیکن وہاں کوئی زخمی نہیں ہوا، جبکہ شہر میں توانائی اور پانی کے بنیادی ڈھانچے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

دریں اثنا صدر طیب اردوان نے ’ ایکس ’ پر کہا کہ وہ صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور ان کے دفتر نے اس بارے میں ہدایات جاری کی ہیں کہ دوبارہ زلزلہ آنے کی صورت میں لوگوں کو کیا کرنا چاہیے ۔

نشریاتی ادارے ٹی جی آر ٹی نے خبر دی ہے کہ ترکی میں عام تعطیل کے دوران آنے والے زلزلے کے دوران بالکونی سے چھلانگ لگانے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔

عالمی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ترکیہ کے وزیرداخلہ علی یرلیکایا نے ’ ایکس ’ پر لکھا ہے کہ دوپہر 3 بج کر 12 منٹ تک، 51 آفٹر شاکس ریکارڈ کیے جا چکے تھے، جن میں سب سے طاقت ور آفٹر شاک 5.9 شدت کا تھا۔