لائف اسٹائل

سید نور کی فلم میں کام کیا جو آج تک ریلیز نہ ہوسکی، نوید رضا

متعدد معاشقے کیے، سب سے سچا اور اچھا معاشقہ اپنی اہلیہ سے تھا، اسی وجہ سےان سے شادی بھی کی، اب 9 سال کی بیٹی ہے، اداکار
Welcome

مقبول اداکار نوید رضا نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے کئی سال قبل کیریئر کے آغاز میں سید نور کی فلم میں کام کیا تھا جو کہ آج تک ریلیز نہیں ہوسکی اور فلم ساز انہیں آسرے دیتے رہے۔

نوید رضا نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کا تعلق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے ہے لیکن انہوں نے کیریئر کا آغاز پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے کیا۔

ان کے مطابق شوبز میں آنے سے قبل وہ محکمہ صحت میں 17 ویں گریڈ کے سرکاری افسر تھے لیکن انہوں نے اداکاری کی خاطر ملازمت چھوڑی۔

اداکار نے اعتراف کیا کہ انہیں شوبز کیریئر میں لانے والے ہمایوں سعید ہیں اور اسی وجہ سے آج تک وہ ان کی تعریفیں بھی کرتے رہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اور عمران اشرف نے ایک ساتھ مشکل وقت بھی دیکھا، دونوں نے کیریئر بنانے کے لیے جذبے اور محنت سے کام کیا، جس کا انہیں سلہ ملا۔

محبت کے سوال پر نوید رضا نے اعتراف کیا کہ انہوں نے متعدد معاشقے کیے لیکن ان کا سب سے سچا اور اچھا معاشقہ اپنی اہلیہ سے ہی تھا، اسی وجہ سے انہوں نے ان سے شادی بھی کی۔

اداکار نے بتایا کہ انہیں ایک بیٹی ہے، جس کی عمر 9 سال ہے اور والد بننے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ اولاد اور والدین کیا ہوتے ہیں، اب انہیں سمجھ آچکا ہے کہ والدین کو کس طرح اولاد کی ہر چیز کا علم ہوتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے لاہور سے کیریئر شروع کیا اور آغاز میں ہی انہوں نے سید نور کی فلم میں کام کیا جو آج تک ریلیز نہیں ہو سکی۔

نوید رضا کے مطابق فلم کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد وہ بار بار سید نور سے فلم کا پوچھتے رہتے تھے، فلم ساز انہیں ہر بار جلد ہی فلم ریلیز کا آسرا دیتے تھے۔

انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ سید نور نے ان کی پہلی فلم کسی خاص مقصد کے لیے ریلیز نہیں کی، انہوں نے فلم کو روک رکھا ہے۔

نوید رضا کا کہنا تھا کہ فلم میں کام کرنے کے بعد وہ واپس کراچی آئے اور انہوں نے محکمہ صحت کی سرکاری ملازمت کو چھوڑ کر اداکاری کا سوچا لیکن 6 ماہ تک وہ بیروزگار رہے، ان کی فلم بھی ریلیز نہیں ہوئی اور ان کا کیریئر بھی شروع نہیں ہو پایا۔

اداکار کے مطابق ایک دن پھر وہ ہمایوں سعید سے ان کی پروڈکشن کمپنی کے دفتر میں ملنے گئے، جہاں اداکار نے انہیں دیکھتے ہی ڈرامے میں کام کرنے کا کہا، ان سے سوالات تک نہیں کیے اور آڈیشن بھی نہیں لیا۔

نوید رضا نے بتایا کہ انہوں نے سجل علی، صبور علی جیسی اداکاراؤں کے ساتھ ’محمود آباد کی ملکائیں‘ سے کیریئر کا آغاز ہوا۔

علیزے شاہ نے یاسر نواز اور ہمایوں سعید کے ساتھ بدتمیزی کی، نوید رضا کا دعویٰ

یاسر نواز نے ایک بار پھر علیزے شاہ سے معافی مانگ لی

علیزے شاہ نے زرنش خان کو تین سال پرانے بیان پر بھی معاف کیوں نہیں کیا؟