دنیا

ٹرمپ کا ہارورڈ یونیورسٹی کی ٹیکس سے مستثنیٰ حیثیت ختم کرنے کا اعلان

یہ بیان ٹرمپ انتظامیہ اور موقر ترین یونیورسٹیوں کے درمیان داخلوں، بھرتی کے طریقہ کار، نصاب کی نگرانی اور فلسطین نواز کیمپس احتجاج جیسے مسائل پر کشیدگی کے درمیان سامنے آیا ہے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی انتظامیہ ہارورڈ یونیورسٹی سے اس کی ٹیکس سے مستثنیٰ حیثیت ختم کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔

ترکیہ کی سرکاری خبررساں ایجنسی انادولہ کی رپورٹ کے مطابق امرکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا،’ ہم ہارورڈ کی ٹیکس سے مستثنیٰ حیثیت چھیننے جا رہے ہیں، یہ اسی قابل ہے۔’

واضح رہے کہ ٹیکس سے مستثنیٰ درجہ غیر منافع بخش اداروں جیسے کہ یونیورسٹیوں کو وفاقی انکم ٹیکس سے بچاتا ہے اور عطیہ دہندگان کو ٹیکس کٹوتیوں ( کی واپسی ) کا دعویٰ کرنے کے قابل بناتا ہے۔

یہ بیان ٹرمپ انتظامیہ اور موقر ترین یونیورسٹیوں کے درمیان داخلوں، بھرتی کے طریقہ کار، نصاب کی نگرانی اور فلسطین نواز کیمپس احتجاج جیسے مسائل پر کشیدگی کے درمیان سامنے آیا ہے۔

ٹرمپ نے اس سے قبل یونیورسٹی کی ٹیکس سے مستثنیٰ حیثیت منسوخ کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے مزید کہا تھا،’ ٹیکس سے مستثنیٰ حیثیت مکمل طور پر عوامی مفاد میں کام کرنے پر منحصر ہوتی ہے!’

واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ پہلے ہی ہارورڈ یونیورسٹی کی وفاقی گرانٹس میں 2 ارب ڈالر سے زیادہ کی کمی کر چکی ہے اور اس نے دیگر معروف ترین یونیورسٹیوں کے خلاف بھی اسی طرح کے اقدامات کیے ہیں، جس میں کولمبیا یونیورسٹی کی وفاقی فنڈنگ منجمد کرنا اور درجنوں یونیورسٹیوں کے خلاف تحقیقات شروع کرنا شامل ہے۔

گزشتہ ہفتے، ہارورڈ یونیورسٹی نے گرانٹ میں کٹوتی کے خلاف ٹرمپ انتظامیہ پر مقدمہ بھی دائر کیاہے۔