صنم سعید کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش متوقع
اداکارہ صنم سعید ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھی جلد ہی ماں بننے والی ہیں۔
صنم سعید نے مدرز ڈے پر اپنی والدہ کے ہمراہ پرانی تصاویر شیئر کرتے ہوئے جلد ماں بننے کی تصدیق کی۔
انہوں نے اپنی والدہ کو خراج تحسین بھی پیش کیا اور ساتھ ہی دنیا کی تمام سنگل مدرز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
صنم سعید نے پوسٹ میں لکھا کہ وہ بھی جلد ہی ایسی بننے والی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے لیے دعا کی کہ وہ اپنی والدہ کی طرح خوبصورت، سخت اور بچوں کے لیے ہر قربانی دینے والی ماں بنیں گی۔
اداکارہ نے لکھا کہ وہ اپنی والدہ کی طرح تحمل مزاج، سخت، محبت دینے والی، متاثر کن، پراعتماد، بہادر، ذہین، قابل اعتماد، معاون و مددگار، ایماندار، کمزور، معاف کرنے والی، ہمدرد، محافظ اور ان کی طرح رول ماڈل بننا چاہتی ہیں۔
انہوں نے دنیا کی تمام ماؤں کو مدرز ڈے کی مبارک باد بھی پیش کی۔
شوبز شخصیات اور صارفین نے ان کے ہاں بچے کی متوقع پیدائش پر انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
صنم سعید اور محب مرزا نے مارچ 2023 میں ایک دوسرے سے شادی کی تصدیق کی تھی، دونوں کے درمیان 2020 سے شادی کی چہ مگوئیاں تھیں۔
دونوں نے مارچ 2023 میں فہد مصطفیٰ کے پروگرام ’دی فورتھ امپائر‘ میں شادی کا اعتراف کیا تھا، اس سے قبل دونوں مبہم انداز میں شادی کا اعتراف کر چکے تھے لیکن کبھی دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ کرنے کا واضح اقرار نہیں کیا تھا۔
دونوں کی یہ دوسری شادی ہے، محب مرزا کی پہلی شادی ماڈل آمنہ شیخ سے 2005 میں ہوئی تھی اور دونوں کے درمیان 2019 میں طلاق ہوگئی تھی، انہیں ایک بیٹی بھی ہے۔
اسی طرح صنم سعید نے بھی 2015 میں خاندان کی مرضی سے محبت کی شادی کی تھی، جس کے بعد وہ دبئی منتقل ہوگئی تھیں مگر جلد ہی ان کی طلاق ہوگئی اور اداکارہ نے 2018 میں اس کی تصدیق کی تھی۔
صنم سعید نے دوسری شادی کی تصدیق کے ڈھائی سال بعد اپنے ہاں پہلے بچے کی متوقع پیدائش کی تصدیق کی ہے، اس وقت صنم سعید اور محب مرزا کی عمریں 40 سال سے زائد ہیں۔