’می ٹو مہم‘: فرانسیسی اداکار جیرارڈ ڈیپارڈیو کو سزا سنادی گئی
فرانس کے لیجنڈری اداکار 76 سالہ جیرارڈ ڈیپارڈیو کو دو خواتین کا جنسی استحصال کرنے کا جرم ثابت ہونے پر 18 ماہ کی معطل قید کی سزا سنا دی گئی۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق جیرارڈ ڈیپارڈیو کو پیرس کی عدالت نے دو اداکاراؤں کے جنسی استحصال کا مجرم قرار دیتے ہوئے انہیں سزا سنائی جب کہ اداکار صحت جرم سے انکار کرتے رہے۔
پیرس کی عدالت میں ان پر 2021 میں دو خواتین کو کام کے دوران جنسی استحصال کا نشانہ بنانے کا جرم ثابت ہوا، جس پر عدالت نے انہیں معطل قید کی سزا سنائی۔
ان پر 54 سالہ ایملی نامی اداکارہ جب کہ ایک 34 سالہ فلم ہدایت کار خاتون نے کام کے دوران جنسی استحصال کا الزام لگایا تھا۔
ان کے خلاف ٹرائل کے دوران ایملی نامی خاتون نے عدالت کو بتایا تھا کہ اداکار نے 2021 میں شوٹنگ کے دوران ان کے جسم پر حملہ کردیا اور ان کے تمام اعضا کو بری طرح چھوا، اس دوران وہ ہنستے اور انتہائی نامناسب جملے کستے رہے۔
جیرارڈ ڈیپارڈیو پر مجموعی طور پر 20 سے زائد خواتین نے جنسی استحصال اور بیہودہ جملے کسنے جیسے الزامات عائد کر رکھے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ سے ہی اپنے خلاف عائد الزامات کو مسترد کیا۔
جیرارڈ ڈیپارڈیو وہ پہلے فرانسیسی اداکار بن گئے، جن کا جنسی استحال کا مقدمہ ’می ٹو مہم‘ کے تحت عدالت پہنچا اور انہیں سزا بھی ہوئی جب کہ شوبز انڈسٹری میں متعدد اداکاروں پر خواتین کے جنسی استحصال کے الزامات سامنے آ رہے ہیں۔
اپریل میں فرانسیسی پارلیمنٹ میں ایک تحقیقاتی رپورٹ کے بحث کے دوران انکشاف ہوا تھا کہ فرانسیسی شوبز انڈسٹری میں جنسی تشدد اور جنسی استحصال وبا کی طرح پھیل چکا۔
فرانسیسی شوبز انڈسٹری میں بھی 2017 کے بعد ’می ٹو مہم‘ کے تحت خواتین نے جنسی استحصال کے خلاف کھل کر بات کی لیکن زیادہ تر اداکاروں کے خلاف لگے الزامات میڈیا رپورٹنگ تک محدود رہے۔
جیرارڈ ڈیپارڈیو اب تک وہ واحد بڑے اور معتبر فرانسیسی اداکار ہیں، جن کے خلاف جنسی استحصال کے الزامات ثابت ہوئے اور انہیں معطل سزا ہوئی۔
اب خیال کیا جا رہا ہے کہ دیگر نامور اور طاقتور فرانسیسی اداکاروں کے خلاف جنسی استحصال کے مقدمے عدالتوں تک پہنچیں گے۔
جیرارڈ ڈیپارڈیو نے 200 سے زائد فلموں، ڈراموں اور ویب سیریز میں کام کیا، ان کا شمار چند لیجنڈ ترین اداکاروں میں ہوتا ہے۔
جیرارڈ ڈیپارڈیو کو سزا سنائے جانے اور ان پر جنسی استحصال کے الزامات لگائے جانے کے بعد چند معروف اور سینئر فرانسیسی اداکاراؤں و اداکاروں نے ان کی حمایت کی اور ان پر لگے الزامات کو سازش بھی قرار دیا۔