فواد خان کی فلم پر بھارت میں پابندی کا مطالبہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنی، ردھی ڈوگرا

پاکستانی اداکار فواد خان کے ساتھ بولی وڈ فلم ’ابیر گلال‘ میں کام کرنے والی اداکارہ ردھی ڈوگرا نے کہا ہے کہ انہیں بھارت میں پاکستانی اداکار کی فلم پر پابندی کا مطالبہ کرنے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
ردھی ڈوگرا بھی ’ابیر گلال‘ کی کاسٹ کا حصہ ہے اور مذکورہ فلم کی پہلگام واقعے کے بعد ریلیز موخر کی گئی۔
پہلگام واقعے کے بعد متعدد بھارتی اداکاروں نے بھی ’ابیر گلال‘ کی ریلیز پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا جب کہ اسی فلم میں کام کرنے والی اداکارہ ردھی ڈوگرا نے بھی فلم کی نمائش پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا۔
لیکن اب اداکارہ نے انکشاف کیا ہےکہ انہیں فواد خان کی فلم پر پابندی لگانے کا مطالبہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق ہندوستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے ردھی ڈوگرا نے شکوہ کیا کہ انہیں فلم کی ریلیز پر پابندی لگانے کے باوجود تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور انہیں طعنے دیے گئے۔
اداکارہ کے مطابق انہیں طعنے دیے گئے کہ ایک طرف وہ فلم پر پابندی کا مطالبہ کر رہی ہیں، دوسری طرف انہوں نے فواد خان کے ساتھ مذکورہ فلم میں کام بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تنقید کرنے اور طعنے دینے والے افراد کو سمجھنا چاہیے کہ وہ بھی بھارت کی شہری ہیں، وہ بھی اس ملک کی اتنی ہی شہری ہیں، جتنے دوسرے شہری ہیں۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ انہیں پاکستانی اداکار کی فلم پر پابندی کا مطالبہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور ان کی حب الوطنی پر شک کیا گیا۔
ردھی ڈوگرا نے مزید کہا کہ وہ اپنے ملک اور اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہیں، اس لیے انہوں نے فواد خان کی فلم کی ریلیز کا مطالبہ کیا تھا لیکن اس باوجود ان پر تنقید کی گئی۔
خیال رہے کہ ’ابیر گلال‘ کو 12 مئی کو ریلیز کیا جانا تھا لیکن پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت میں کشیدگی کی وجہ سے اس کی نمائش موخر کردی گئی جب کہ بھارتی حکومت نے انڈیا میں پاکستانی نیوز اور ڈراما ٹی وی چینلز کے یوٹیوب اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی بلاک کردیے۔
علاوہ ازیں بھارتی حکومت کے احکامات کے باجود انڈیا کے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز نے پاکستانی گانے، ڈرامے، فلمیں اور ٹی وی شوز بھی ہٹا دیے تھے جب کہ بھارتی حکومت نے پاکستانی فنکاروں اور کھلاڑیوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی بلاک کردیے تھے۔