دنیا

چین کی کیمیکل فیکٹری میں زور دار دھماکا، 5 افراد ہلاک

دھماکا صوبہ شانڈونگ کے شہر گاؤمی میں کم زہریلی کیڑے مار ادویہ تیار کرنے والے یوڈاؤ کیمیکل پلانٹ میں ہوا، 6 افراد تاحال لاپتا، 19 معمولی زخمی ہوئے۔
Welcome

چین کے مشرقی علاقے میں منگل کو ایک کیمیکل فیکٹری میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک ہو گئے، جب کہ 6 افراد تاحال لاپتا ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق سرکاری خبر رساں ایجنسی ’شنہوا‘ نے اطلاع دی ہے کہ یہ دھماکا دوپہر 12 بجے کے قریب صوبہ شانڈونگ کے شہر گاؤمی میں واقع یوڈاؤ کیمیکل پلانٹ میں ہوا، جو بیجنگ سے تقریباً 450 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔

بیجنگ کے اخبار ’سن جنگ باؤ‘ کی نشر کردہ ویڈیوز میں ایک بہت بڑا دھوئیں کا بادل آسمان کی طرف بلند ہوتا نظر آیا، صنعتی علاقے میں آگ بھڑکتی ہوئی دکھائی دی اور کئی دکانوں کی کھڑکیاں دھماکے کی شدت سے ٹوٹ گئیں، شنہوا کے مطابق مقامی حکام نے بتایا ہے کہ حادثے میں 5 افراد ہلاک، 6 لاپتا اور 19 معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

ویڈیوز میں ایک سڑک پر بکھرا ملبہ، ایک گاڑی کی ٹوٹی ونڈ اسکرین اور پس منظر میں گہرے نارنجی شعلے تنصیبات کو نگلتے ہوئے دکھائی دے رہے تھے۔ وزارت ایمرجنسی مینجمنٹ کے بیان کے مطابق ہنگامی امدادی اداروں نے جائے وقوع پر 55 گاڑیاں اور 232 امدادی کارکن روانہ کیے۔

چینی آن لائن میڈیا ’دی پیپر‘ کے مطابق یوڈاؤ کیمیکل کم زہریلی کیڑے مار ادویات تیار کرتی ہے جبکہ 47 ہیکٹر (116 ایکڑ) پر محیط اس فیکٹری میں تقریباً 300 افراد ملازمت کرتے ہیں۔