لائف اسٹائل

اسپورٹس ویب سیریز ’شمشیر‘ کا ٹریلر ریلیز

’شمشیر‘ کے ذریعے پہلی بار فرحان سعید اور حریم فاروق چھوٹی اسکرین پر جوڑی کی صورت میں دکھائی دیں گے ۔

اداکارہ حریم فاروق اور اداکار و گلوکار فرحان سعید کی آنے والی اسپورٹس ویب سیریز ’شمشیر‘ کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے آئندہ ماہ پیش کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

پاکستان کے قومی کھیل ہاکی پر بنائی گئی ویب سیریز میں فرحان سعید ہاکی پلیئر کے طور پر دکھائی دیں گے جو کہ بعد میں اپنی ہاکی ٹیم بھی تیار کرتے ہیں۔

ویب سیریز کے مختصر دورانیے کے ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ملک میں ہاکی جیسے قومی کھیل کو غیر اہم سمجھ کر اسے نظر انداز کیا جاتا رہا ہے اور کیسے ہاکی پلیئر خستہ حال زندگی گزارنے پر مجبور رہے ہیں۔

ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ فرحان سعید اپنی اہلیہ حریم فاروق کے زیورات بیچ کر ٹیلنٹڈ نوجوان ہاکی پلیئرز پر مشتمل نئی ٹیم بناتے ہیں جو کہ مشکلات کے باوجود ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوجاتی ہے۔

ٹریلر میں ویب سیریز کے تقریباً تمام مرکزی کرداروں کو دکھایا گیا ہے، جن میں خالد انعم اور بہروز سبزواری جیسے سینئر اداکار بھی شامل ہیں۔

’شمشیر‘ کی کہانی شاہد ڈوگر نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات شہرزادے شیخ نے دی ہے، اسے نینا کاشف نے پروڈیوس کیا ہے۔

ویب سیریز کو آئندہ ماہ 13 جنوری کو اسٹریمنگ ویب سائٹ ’ٹیپ میڈ‘ پر پیش کیا جائے گا۔

اسپورٹس ویب سیریز کا ٹریلر جاری ہونے کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے حریم فاروق اور فرحان سعید کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ویب سیریز کو دیکھنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

’شمشیر‘ کے ذریعے پہلی بار فرحان سعید اور حریم فاروق چھوٹی اسکرین پر جوڑی کی صورت میں دکھائی دیں گے جب کہ فرحان سعید بھی پہلی بار رومانوی کردار کے بجائے اسپورٹس مین کے روپ میں نظر آئیں گے۔

ایمن خان کی تیسری بار ’حمل‘ سے ہونے کی افواہیں

پیار پانچ بار بھی ہوسکتا ہے، ہمایوں سعید

فواد خان نے شاید اپنی فلم بچانے کے لیے بھارت کے خلاف سخت بات نہیں کی، فیصل قریشی