اداکار سعد ضمیر فریدی کا محض 15 ہزار روپے میں شادی کرنے کا دعویٰ
ابھرتے ہوئے ورسٹائل اداکار سعد ضمیر فریدی نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے تقریبا 8 سال قبل محض 15 ہزار روپے میں شادی کی۔
سعد ضمیر فریدی نے حال ہی میں ’فوچیا میگزین‘ کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت دیگر سماجی مسائل پر بھی کھل کر گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ شوبز کیریئر شروع کرنے سے قبل انہوں نے نیشنل پرفارمنگ آرٹس اکیڈمی (ناپا) سے اداکاری کی تعلیم اور تربیت لی، جس کے بعد انہوں نے کیریئر شروع کیا۔
ان کے مطابق انہیں کیریئر کے آغاز میں مشکلات پیش آئیں لیکن ترتیب وار انہیں مواقع ملتے گئے۔
سعد ضمیر فریدی کے مطابق ناپا میں تعلیم کے دوران ہی انہیں اپنی ساتھی اداکارہ ماریہ امین المعروف عالیہ سے محبت ہوگئی، جس پر دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔
اداکار نے سماجی رسومات کی وجہ سے شادی پر بلاضرورت بہت زیادہ اخراجات کرنے پر بھی بات کی اور کہا کہ آج کل شادیوں پر زیادہ اخراجات کیے جاتے ہیں جو کہ ان کے خیال میں غلط ہے۔
ان کے مطابق ان کا اپنی شادی پر زیادہ اخراجات کرنے کا ارادہ نہیں تھا، نہ ہی ان کے اوپر دلہن والوں کی جانب سے عالیشان شادی کرنے کا دباؤ تھا۔
سعد ضمیر فریدی نے بتایا کہ انہوں نے شادی کرنے سے قبل ہی چیزوں کو جمع کرنا شروع کردیا تھا جب کہ بہت ساری چیزیں انہوں نے شادی کے بعد بیوی کے ساتھ مل کر خریدیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شادی سے قبل ہی انہوں نے نکاح کرلیا تھا اور پھر 2016 میں وہ دلہن کو رخصت کرکے لے آئے، جس پر انہوں نے محض 15 ہزار روپے خرچ کیے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت ان کے پاس اتنے ہی پیسے تھے جو دلہن کو لانے میں خرچ ہوگئے، وہ سادگی سے دلہن کو گھر لے آئے تھے، دلہن آنے کے بعد ہی انہوں نے بیوی کے ساتھ مل کر بہت ساری چیزیں خریدیں اور بنائیں۔
اسی بات پر اداکار نے زور دیا کہ شادی جیسے اہم رشتے کو آسان بنانے کے لیے اس پر اخراجات کم سے کم کیے جانے چاہیے، فضول کے اخراجات سے گریز کیا جانا چاہیے۔
سعد ضمیر فریدی نے شادی پر انتہائی کم اخراجات آنے پر بیوی کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے ان سے فرمائشیں نہیں کیں، نہ ان پر دباؤ ڈالا، شادی کے بعد ہی ان کے مالی حالات بہتر ہوئے۔