دنیا

امریکا میں چھتے لے جانے والا ٹریلر الٹ گیا، شہد کی 25 کروڑ مکھیاں آزاد ہوگئیں

واقعہ امریکا کی شمال مغربی ریاست واشنگٹن میں پیش آیا، متاثرہ ٹرک شہد کی مکھیوں کے تقریباً 31 ہزار 750 کلوگرام فعال چھتے لے جا رہا تھا، خطرے کا انتباہ جاری

امریکا کے مغربی علاقے میں ایک ٹرک حادثے کے بعد 25 کروڑ شہد کی مکھیاں آزاد ہو گئیں، جس کے بعد حکام نے خطرے کا انتباہ جاری کردیا ہے، پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان علاقوں سے دور رہیں جہاں یہ مکھیاں جھُرمٹ کی صورت میں موجود ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق یہ واقعہ امریکا کی شمال مغربی ریاست واشنگٹن میں پیش آیا، جہاں شہد کی مکھیوں سے بھرے چھتوں کو لے جانے والا ایک سیمی ٹریلر الٹ گیا۔

واٹکم کاؤنٹی شیرف نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ 25 کروڑ مکھیاں اب آزاد ہیں، ممکنہ جھُرمٹ اور حملے کے پیش نظر علاقے سے دور رہیں۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ ٹرک شہد کی مکھیوں کے تقریباً 31 ہزار 750 کلوگرام فعال چھتے لے جا رہا تھا، حادثے کے بعد ہنگامی عملے نے کئی تجربہ کار بی کیپرز (شہد کی مکھیاں پالنے والوں) کی مدد حاصل کی۔

واٹکم کاؤنٹی شیرف آفس کے بیان میں کہا گیا کہ زیادہ سے زیادہ مکھیوں کو بچانا ہمارا ہدف ہے، بی کیپرز نے پولیس کے ساتھ مل کر باکس ہائیوز (شہد کی مکھیوں کے چھتے رکھنے والے ڈبے) کو دوبارہ ترتیب دینے میں مدد کی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ منصوبہ یہ ہے کہ مکھیاں دوبارہ چھتے میں واپس آئیں اور اپنی ملکہ مکھی کو تلاش کریں۔ یہ عمل اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں مکمل ہو جانا چاہیے۔