لائف اسٹائل

’فی الحال‘ دانش تیمور کا تکیہ کلام ہے، محفلِ رمضان کی شیف ماہ نور ملک کی وضاحت

دانش تیمور بہت خوش اخلاق اور خیال رکھنے والے انسان ہیں، پروگرام کے دونوں میزبان، یعنی دانش تیمور اور رابعہ انعم، میں سے دانش سب کا خاص خیال رکھتے ہیں، شیف ماہ نور ملک

محفلِ رمضان کی شیف ماہ نور ملک نے حالیہ انٹرویو میں دانش تیمور کے ’فی الحال‘ کہنے کے انداز کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دراصل ان کا تکیہ کلام ہے۔

رواں سال رمضان المبارک کے دوران متعدد ٹی وی چینلز کی جانب سے رمضان نشریات کا اہتمام کیا گیا، جن میں ’گرین ٹی وی‘ پر نشر ہونے والی رمضان ٹرانسمیشن ’محفلِ رمضان‘ نے خاصی توجہ حاصل کی۔

اس پروگرام کے دوران میزبان دانش تیمور نے ایک موقع پر اپنی اہلیہ اور معروف اداکارہ عائزہ خان کی موجودگی میں چار شادیوں کے موضوع پر بات کی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’مجھے اجازت تو ہے چار شادیوں کی، لیکن فی الحال میں کر نہیں رہا، وہ الگ بات ہے اور اس میں عائزہ بھی مجھے نہیں روک سکتی، کیونکہ یہ حق مجھے میرے اللہ نے دیا ہے‘۔

جب دانش تیمور یہ بات کہہ رہے تھے اس وقت عائزہ خان خاموشی سے ان کی بات سن رہی تھیں، تاہم دانش تیمور کے اس جملے کو سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے ناپسند کیا اور شدید تنقید کی، جس کے بعد انہوں نے اپنے الفاظ پر معذرت بھی کی تھی۔

یہ معاملہ کچھ عرصے بعد خبروں سے اوجھل ہوگیا، لیکن حال ہی میں ’محفلِ رمضان‘ میں بطور شیف فرائض انجام دینے والی ماہ نور ملک نے پوڈکاسٹ ویرائٹی چینل میں شرکت کے دوران اس تنازع پر گفتگو کی۔

ماہ نور ملک نے کہا کہ دانش تیمور بہت خوش اخلاق اور خیال رکھنے والے انسان ہیں، پروگرام کے دونوں میزبان، یعنی دانش تیمور اور رابعہ انعم، میں سے دانش سب کا خاص خیال رکھتے ہیں۔

ان کے مطابق دانش تیمور کا ’فی الحال‘ کہنا دراصل ان کی عادت کا حصہ ہے، وہ اکثر گفتگو میں یہ لفظ استعمال کرتے ہیں اور انہوں نے اس دن بھی یہی کیا تھا، یہ ان کے لیے ایک معمول کی بات تھی اور اس کے پیچھے کوئی خاص مقصد یا نیت نہیں تھی۔

شیف ماہ نور ملک نے یہ بھی کہا کہ عائزہ خان نے اس موقع پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا جو ان کی سمجھداری کو ظاہر کرتا ہے، اگر وہ اس پر ردعمل ظاہر کر دیتی تو شاید ایک نیا تنازع کھڑا ہوجاتا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ لوگوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ ٹی وی پر نظر آنے والی ہر بات حقیقت کی مکمل عکاسی نہیں کرتی اور بعض اوقات چیزوں کو سیاق و سباق سے ہٹ کر سمجھا جاتا ہے۔

ہانیہ عامر کو قریبی دوست کی طرف سے شادی کی پیشکش

’من مست ملنگ‘ کے رومانوی مناظر پر ناظرین کی شدید تنقید، فوری پابندی کا مطالبہ

سارے اداکار ایک جیسے لگتے ہیں، اب صرف چہرہ دیکھا جارہا ہے، سیمی راحیل