لائف اسٹائل

ماضی کا مقبول ڈراما ’عینک والا جن‘ یوٹیوب پر دوبارہ ریلیز

عینک والا جن کو ابتدائی طور پر 1993 سے 1996 کے دوران پی ٹی وی لاہور سینٹر سے نشر کیا گیا تھا، جسے بعد ازاں 2005 اور 2008 کے درمیان بھی نشر کیا گیا۔

ماضی کے مقبول پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے ڈراما ’عینک والا جن‘ کو ’ہائی ڈیفینیشن ویڈیو‘ (ایچ ڈی) فارمیٹ میں دوبارہ یوٹیوب پر ریلیز کردیا گیا۔

عینک والا جن کو ابتدائی طور پر 1993 سے 1996 کے دوران پی ٹی وی لاہور سینٹر سے نشر کیا گیا تھا، جسے بعد ازاں 2005 اور 2008 کے درمیان بھی نشر کیا گیا۔

کوہ قاف کے جنوں،پریوں اور جادوگروں کی کہانیوں پر مبنی اس ڈرامے کی ہدایات حفیظ طاہر نے دی تھیں اور اسے زیب شہزاد نے پروڈیوس کیا تھا۔

ڈراما نہ صرف بچوں کو تفریح فراہم کرتا تھا بلکہ ساتھ ساتھ اصلاح اور اخلاقی درس بھی دیتا تھا۔

اس کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ڈرامے کا ریمیک بھی بنایا گیا، جسے یوٹیوب پر ریلیز کیا گیا تھا اور اب پی ٹی وی نے پہلے ہی ڈرامے کو ایچ ڈی فارمیٹ میں یوٹیوب پر دوبارہ ریلیز کردیا۔

پی ٹی وی کی جانب سے اپنے یوٹیوب ڈیجیٹل چینل پر ڈرامے کو دوبارہ ریلیز کیا گیا ہے اور اس کی یومیہ ایک قسط ریلیز کی جاتی ہے۔

پی ٹی وی کی جانب سے گزشتہ ماہ مئی کے میں ’عینک والا جن‘ کو ریلیز کرنا شروع کیا گیا۔ڈرامے کی یوٹیوب پر دوبارہ واپسی پر بچوں سمیت والدین بھی خوش دکھائی دیتے ہیں جو اپنے بچوں کو اپنے بچپن کا ڈراما دیکھتا دیکھ کر خوش ہو رہے ہیں۔

یہاں یہ بات بھی یاد رہے کہ ’عینک والا جن‘ میں کردار ادا کرنے والے متعدد اداکار انتقال کر چکے ہیں۔

ڈرامے میں زکوٹا کا کردار ادا کرنےوالے اداکار مطلوب الرحمن المعروف منا لاہوریفروری 2018 میں انتقال کر گئے تھے۔

ان سے قبل بل بتوڑی کا کردار ادا کرنے والی نصرت آرا بیگم اکتوبر 2017 میں انتقال کرگئیں تھیں۔

'عینک والا جن' کے زکوٹا جن انتقال کرگئے

’عینک والا جن‘ کی بل بتوڑی انتقال کر گئیں

عینک والا جن کی کاسٹ کی ابتر صورتحال، وزیراعظم سے مدد کی درخواست