فیصل قریشی اور سونیا حسین کی فلم ’دیمک‘ کا شاندار پریمیئر
سونیا حسین اور فیصل قریشی کی بلیک ہارر فلم ’دیمک‘ کا کراچی میں ستاروں سے سجی شام میں شاندار پریمیئر منعقد ہوا۔
گزشتہ روز کراچی کے نیوپلیکس سینما میں فلم کا پریمیئر ہوا، جس میں شوبز سے تعلق رکھنے والے ستاروں اور ناظرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ناظرین نے فلم کو قابلِ ستائش قرار دیا اور اداکار فیصل قریشی، سونیا حسین، ثمینہ پیرزادہ، جاوید شیخ، بشریٰ انصاری اور ثمن انصاری کی اداکاری کو خوب سراہا۔
انہوں نے خاص طور پر فلم کے خوفناک مناظر کی تعریف کی اور کہا کہ ان مناظر کو نہایت مہارت اور کمال انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
’دیمک‘ کو مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ نے جیو فلمز کے اشتراک سے تیار کیا ہے۔
فلم کی میگا کاسٹ میں جاوید شیخ، ثمینہ پیرزادہ، بشریٰ انصاری، سونیا حسین، فیصل قریشی اور ثمن انصاری سمیت دیگر اداکار شامل ہیں، فلم کی ہدایت کاری رافع راشدی نے دی ہے، جبکہ سید مراد علی ایگزیکٹو پروڈیوسر ہیں۔
فلم کو عیدالاضحیٰ پر ریلیز کیا جائے گا، جاری کیے گئے ٹریلر سے کہانی کو مکمل طور پر سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ فلم میں ثمینہ پیرزادہ مرکزی مشکل کردار میں نظر آئیں گی۔