والد بننا اچھا احساس ہے، بیٹی کے پیمپر بھی تبدیل کرتا ہوں، فرحان سعید
گلوکار و اداکار فرحان سعید نے کہا ہے کہ والد بننا اچھا احساس ہے، وہ اہلیہ عروہ حسین کی غیر موجودگی میں بیٹی کے پیمپر بھی تبدیل کرتے ہیں۔
گلوکار کے ہاں جنوری 2024 میں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی، ان کے ہاں شادی کے 7 سال بعد پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔
فرحان سعید اور عروہ حسین نے دسمبر 2016 میں شادی کی تھی، دونوں کے درمیان 2020 سے 2022 کے وسط تک اختلافات کی خبریں رہیں لیکن بعد ازاں دونوں کے درمیان صلح ہوگئی اور ان کے ہاں 2024 میں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی۔
بیٹی کی پیدائش کے بعد اگرچہ عروہ حسین اسکرین پر کم دکھائی دیتی ہیں، تاہم وہ شوبز تقریبات سمیت دیگر ایونٹس میں نظر آتی رہتی ہیں جب کہ فرحان سعید مسلسل اسکرین پر نظر آتے رہے ہیں۔
جلد ہی وہ اسپورٹس ویب سیریز ’شمشیر‘ میں بھی نظر آئیں گے، جس کے ٹریلر لانچ کی تقریب میں انہوں نے ’فوچیا میگزین‘ سے بات بھی کی۔
فرحان سعید نے بتایا کہ وہ بچپن میں زمانہ طالب علمی میں ہاکی کھیلتے رہے ہیں، انہیں ہاکی پر بنی ویب سیریز میں کام کرکے بہت اچھا لگا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ والد بننا بہت اچھا احساس ہے، اس وقت اپنے گھر سے دور ہونے پر انہیں بیٹی یاد آ رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی بیٹی ابھی بھی گٹار بجا لیتی ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ وہ ان کے ساتھ گانے گنگنائے۔
ان کے مطابق وہ اور عروہ حسین اچھے والدین ہیں، وہ بیٹی پر سختی نہیں کرتے، بیٹی انہیں بابا کہ کر بلاتی ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں فرحان سعید نے بتایا کہ اہلیہ کی غیر موجودگی میں وہ بیٹی کے پیمپرز بھی تبدیل کرتے رہے ہیں۔
اسی دوران انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ان کی اہلیہ چھٹیوں پر جانا چاہے تو انہیں بیٹی کی دیکھ بھال کے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، وہ بیٹی کا والدہ کی طرح خیال رکھیں گے۔