’دیمک‘ فلم پریمیئر میں اداکاراؤں کے جلوے
آنے والی بلیک ہارر فلم ’دیمک‘ کے پریمیئر میں مرکزی اداکارہ سونیا حسین سمیت دیگر اداکاراؤں کی جانب سے ریڈ کارپٹ پر جلوے بکھیرنے کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوگئیں۔
’دیمک‘ کا پریمیئر کراچی میں منعقد ہوا، جس میں فلم کی مرکزی کاسٹ جاوید شیخ، فیصل قریشی، سونیا حسین اور دیگر نے شرکت کی۔
پریمیئر میں فلم کی ٹیم کے دیگر ارکان نے بھی شرکت کی جب کہ میڈیا اور شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
فلم کے پریمیئر پر سجائے گئے ریڈ کارپٹ پر سونیا حسین، اشنا شاہ، زارا نور عباس اور یشمیٰ گل سمیت دیگر اداکاراؤں کی جانب سے جلوے بکھیرنے کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں اور صارفین نے ان کی تعریفیں بھی کیں۔
جہاں زیادہ تر صارفین نے تمام اداکاراؤں کے لباس اور فیشن سینس کی تعریفیں کیں، وہیں بعض افراد نے خصوصی طور پر سونیا حسین اور اشنا شاہ کے لباس کو قدرے بولڈ اور نامناسب بھی قرار دیا۔
’دیمک‘ کے پریمیئر میں شریک ہونے والی شوبز شخصیات نے فلم کی کہانی کی تعریفیں کیں جب کہ عام افراد نے بھی فلم کو سراہا۔
’دیمک‘ کو 6 جون کو عید سے ایک دن قبل ریلیز کیا جائے گا، اس کا مقابلہ ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کی فلم ’لو گُرُو‘ سے ہوگا۔