دنیا

روس نے ماسکو کیلئے افغان سفیر کی نامزدگی منظور کرلی

ہمیں امید ہے کہ یہ نیا مرحلہ دونوں ممالک کو مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کا موقع فراہم کرے گا، قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی

روس نے ماسکو کے لیے افغانستان کے سفیر کی نامزدگی منظور کرلی۔

خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق اس اہم پیش رفت پر افغان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ افغانستان اور روس کے درمیان سیاسی اور معاشی تعلقات کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا، جو پہلے ہی پابندیوں کا شکار ہیں۔

روس نے رواں برس اپریل میں طالبان پر 2 دہائیوں سےعائد پابندی کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس میں طالبان کو دہشت گرد تنظیم ڈکلیئر کیا گیا تھا۔

سفیر کی تعیناتی کی منظوری سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات معمول پر آنے میں اہم پیش رفت متوقع کی جارہی ہے۔

مزید رپورٹ کیا کہ کسی بھی ملک نے باضابطہ طور پر طالبان کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا ہے، جس نے 2021 میں امریکی قیادت میں افواج کے انخلا کے بعد اقتدار سنبھالا تھا۔

طالبان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ نیا مرحلہ دونوں ممالک کو مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کا موقع فراہم کرے گا۔

واضح رہے کہ چین 2023 میں طالبان سے سفیر کی سطح پر سفارت کار کو قبول کرنے والا پہلا ملک بن گیا تھا۔

30 مئی کو پاکستان نے کابل میں اپنے ناظم الامور کا درجہ بڑھا کر سفیر کی سطح پر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

31 مئی کو افغانستان کی وزارت خارجہ نے پاکستان کی جانب سے کابل میں سفیر کی تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسلام آباد کے لیے سردار احمد شکیب کو سفیر تعینات کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔