ترکیہ میں نامناسب زبان استعمال کرنے والے بھارتی یوٹیوبر نے معافی مانگ لی
ترکیہ میں دکانداروں سمیت وہاں کی خواتین کے لیے نامناسب الفاظ کا استعمال کرنے والے بھارتی یوٹیوبر ملک ایس ڈی المعروف ملک سواش بکلر نے اپنے رویے پر معافی مانگ لی۔
بھارتی یوٹیوبر نے چند روز قبل اپنے یوٹیوب پر ترکیہ میں سیر سپاٹوں کے ولاگز شیئر کیے تھے، جن میں وہ ترکیہ کے افراد کے لیے انتہائی نامناسب الفاظ کا استعمال کرتے دکھائی دیے تھے۔
انہوں نے ایک ویڈیو میں سپر اسٹور میں دوسرے ممالک کے جھنڈے دیکھنے کے بعد دکاندار سے پوچھا تھا کہ بھارتی جھنڈا کہاں ہے، جس پر انہیں بتایا گیا تھا کہ انڈین فلیگ نہیں ہے، جس پر انہوں نے دکاندار کو ہندی زبان میں گالیاں دینا شروع کردی تھیں۔
اسی طرح ایک اور ویڈیو میں انہیں ترکیہ کی سڑکوں پر سیر کرتے دوران ایک خاتون کے لیے نامناسب الفاظ استعمال کرتے بھی دیکھا گیا تھا۔
انہوں نے خاتون کے لیے برہنہ اور جنسی الفاظ کا استعمال کیا تھا، جس پر صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں بھی لیا تھا۔
ترکیہ کے عوام کے لیے نامناسب الفاظ کے استعمال کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد انہیں گرفتار بھی کرلیا گیا تھا جب کہ انہوں نے اپنے یوٹیوب سمیت دیگر چینلز کو بھی بلاک کردیا تھا۔
تاہم اب انہوں نے اپنے رویے پر معافی مانگ لی اور اعتراف کیا کہ ان کے الفاظ انتہائی نامناسب اور غلط تھے۔
’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق ملک سواش بکلر کے نام سے ترکیہ زبان میں بنائے گئے انسٹاگرام پر بھارتی یوٹیوبر نے ترک زبان میں معافی مانگی اور اپنے رویے پر شرمندگی کا اظہار بھی کیا۔
یوٹیوبر نے اعتراف کیا کہ ان کا رویہ اور زبان غلط تھی اور وہ اپنے رویے پر ترک عوام سے معافی کے طلب گار ہیں۔
دوسری طرف تاحال ترک حکام نے بھارتی یوٹیوبر کے معاملے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔