ڈراموں کی مقبولیت پر پوسٹ شیئر کرنے پر دانش تیمور کو تنقید کا سامنا
اداکار دانش تیمور کو حال ہی میں ڈراما سیریل ’من مست ملنگ‘ میں ان کے کردار ’کبیر خان‘ کی وجہ سے شدید عوامی تنقید کا سامنا ہے۔
’من مست ملنگ‘ کے رومانوی مناظر پر ڈرامے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور صارفین اس پر پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ڈرامے کے متعدد رومانوی مناظر میں سحر ہاشمی اور دانش تیمور کو نہایت بولڈ انداز میں دکھایا گیا ہے، جس پر شائقین برہم نظر آتے ہیں۔
ڈرامے میں دونوں نے میاں بیوی کا کردار ادا کیا ہے، تاہم ان کے کئی رومانوی مناظر کو معیوب قرار دیا جارہا ہے۔
ان پر فلمائے گئے مناظر میں سے ایک میں دونوں کو ایک دوسرے کے ہاتھ ہتھکڑی سے باندھ کر بستر پر سوتے دکھایا گیا ہے، جب کہ ایک اور منظر میں دانش تیمور کو اہلیہ کے ہاتھ اور پاؤں رسی سے باندھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
اسی طرح، ڈرامے کے دیگر مناظر میں بھی دانش تیمور اور سحر ہاشمی کو رقص کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس پر ناظرین کی جانب سے ڈرامے پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا۔
تاہم، ڈراما اب بھی ٹی وی پر نشر ہورہا ہے اور تمام تر تنقید کے باوجود اسے مقبولیت حاصل ہورہی ہے، جس کا اندازہ اس کے ویوز سے لگایا جاسکتا ہے۔
اسی دوران، دانش تیمور کا ایک اور ڈراما ’شیر‘ بھی نشر ہونا شروع ہوچکا ہے، جسے ناظرین کی جانب سے مثبت ردِعمل موصول ہورہا ہے۔
رواں ہفتے کے ٹاپ 5 ڈراموں کی فہرست میں دانش تیمور کے دو ڈرامے سرفہرست رہے، پہلے نمبر پر ’شیر‘ رہا، جس کی ابتدائی دو اقساط کو 2 کروڑ 50 لاکھ ویوز ملے، جبکہ دوسرے نمبر پر ’من مست ملنگ‘ آیا، جس کی تین اقساط کو 1 کروڑ 50 لاکھ ویوز حاصل ہوئے۔
دانش تیمور نے انسٹاگرام پر اپنے دونوں ڈراموں کی مقبولیت پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے ریٹنگ چارٹ کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پہلا اور دوسرا، کامیابی کو اسپاٹ لائٹ کی ضرورت نہیں، یہ خود بولتی ہے، بلند اور واضح۔
تاہم، ان کی اس پوسٹ پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردِعمل سامنے آیا، متعدد صارفین نے ڈرامے میں دکھائے گئے پرتشدد اور حد سے زیادہ رومانوی مناظر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
ایک صارف نے لکھا کہ ایک نوجوان لڑکی کی موت انہی ڈراموں کی بدولت پنپتی ذہنیت کی وجہ سے ہوئی ہے، یہ کامیابی نہیں، استحصال ہے۔
جبکہ کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ دانش تیمور ایسے کرداروں کو بار بار ادا کرکے اپنے وقار کو متاثر کررہے ہیں اور یہ روش ان کے مداحوں کے لیے مایوس کن ہے۔