’لو گُرو‘ کی شوٹنگ کے دوران ہمایوں سعید پر غصہ آگیا تھا، ہدایتکار ندیم بیگ
رومانٹک کامیڈی فلم ’لو گُرو‘ کے ہدایتکار ندیم بیگ نے انکشاف کیا ہے کہ لندن میں فلم کی شوٹنگ کے دوران انہیں اداکار ہمایوں سعید پر غصہ آگیا تھا۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر فلم ’لو گُرو‘ کی مرکزی کاسٹ ہمایوں سعید، ماہرہ خان، احمد علی بٹ اور ہدایتکار ندیم بیگ نے ندا یاسر کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔
پروگرام کے دوران ندیم بیگ نے بتایا کہ وہ عیدالاضحیٰ کا دن ہمیشہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ گزارتے ہیں، قربانی اور کھانے سے فارغ ہونے کے بعد وہ بچوں کے ساتھ مل کر کوئی اچھی فلم ضرور دیکھتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ندیم بیگ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اگرچہ آج تک کسی اداکار نے انہیں زیادہ تنگ نہیں کیا لیکن احمد علی بٹ سیٹ پر سب سے زیادہ پریشان کرتے ہیں، وہ ہمیشہ آتے ہی کہتے ہیں کہ پہلے میرا سین شوٹ کروائیں، جس پر مجھے غصہ تو آتا ہے لیکن میں پھر بھی ان کی بات نہیں مانتا۔
ندیم بیگ نے ایک واقعہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ فلم ’لو گُرو‘ کی شوٹنگ لندن میں ہو رہی تھی، جہاں شوٹنگ کا خرچ بہت زیادہ ہوتا ہے، ایک روز ہم باہر کسی مقام پر شوٹ کر رہے تھے کہ ہمایوں سعید کا پیٹ خراب ہوگیا، انہوں نے او آر ایس وغیرہ لے کر خود کو سنبھالا اور وقت پر شوٹنگ کے لیے پہنچ گئے، تاہم جب وہ پہنچے تو صرف آدھے گھنٹے کی روشنی باقی تھی اور مجھے بہت غصہ آرہا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مجھے اتنا غصہ تھا کہ جب ہمایوں سیٹ پر پہنچے تو میں نے ان سے کوئی بات نہیں کی، بس اتنا کہا کہ ’ایکشن‘ اور میرے لہجے سے یہی تاثر مل رہا تھا کہ یقیناً آپ کو اپنے ڈائیلاگ یاد ہوں گے، اس پر ماہرہ خان پیچھے پلٹیں، مجھے دیکھا اور ہنسنے لگ گئیں۔
فلم ’لو گُرو‘ گزشتہ روز ریلیز کی گئی ہے، ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ فلم میں ہمایوں سعید ایک دل پھینک عاشق کے کردار میں نظر آئیں گے، جو بعد ازاں ماہرہ خان کے والد (جاوید شیخ) کی جانب سے ملنے والی ایک ذمے داری کے نتیجے میں سچی محبت میں گرفتار ہوجاتے ہیں۔
فلم کی شوٹنگ لندن میں کی گئی ہے، جہاں ماہرہ خان کو ایک خوبصورت، بولڈ اور فنونِ لطیفہ سے شغف رکھنے والی لڑکی کے روپ میں دکھایا گیا ہے، جب کہ ہمایوں سعید ایک ایسے کردار میں جلوہ گر ہوں گے جو مختلف لڑکیوں کو اپنے عشق کے جال میں پھنسانے کا ماہر ہوتا ہے۔
فلم کی کہانی واسع چوہدری نے تحریر کی ہے، ہدایتکاری ندیم بیگ نے کی ہے، جب کہ اسے ہمایوں سعید سمیت دیگر پروڈیوسرز نے پروڈیوس کیا ہے۔