لائف اسٹائل

رجب بٹ اور ساتھیوں کے خلاف اغوا اور ریپ کا مقدمہ دائر

یوٹیوبر رجب بٹ، مان ڈوگر اور دیگر ساتھیوں نے انہیں نواب ٹاؤن کے ایک گھر میں زبردستی قید میں رکھا، جہاں سلمان نے نشہ آور چیز کھلا کر زیادتی کی، متاثرہ خاتون کا الزام

معروف یوٹیوبر رجب بٹ، مان ڈوگر اور تین دیگر افراد کے خلاف خاتون سوشل میڈیا انفلوئنسر کی درخواست پر اغوا اور ریپ کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن پولیس نے رجب بٹ، مان ڈوگر اور تین دیگر افراد کے خلاف ایک سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ خاتون کی درخواست پر سنگین نوعیت کا مقدمہ درج کیا۔

ایف آئی آر میں اغوا، ریپ ، بلیک میلنگ اور غیر قانونی حبس بے جا کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون نے الزام لگایا کہ ان کی دوستی یوٹیوبر رجب بٹ کے رشتہ دار سلمان حیدر سے ہوئی تھی۔

خاتون کا دعویٰ ہے کہ سلمان نے نشہ آور چیز کھلا کر نہ صرف ریپ کیا بلکہ اس عمل کی ویڈیو بنا کر بلیک میلنگ کا سلسلہ بھی شروع کردیا۔

شکایت کنندہ نے مزید الزام عائد کیا کہ یوٹیوبر رجب بٹ، مان ڈوگر اور دیگر ساتھیوں نے انہیں نواب ٹاؤن کے ایک گھر میں زبردستی قید میں رکھا، جہاں انہیں ہراساں بھی کیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق، متاثرہ خاتون نے بھاگ کر اپنی جان بچائی اور پولیس سے رابطہ کیا۔

نواب ٹاؤن پولیس نے واقعے کی تفصیلات درج کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا اور تفتیش کا آغاز بھی کردیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ الزامات کی نوعیت سنگین ہے اور شواہد کی روشنی میں کارروائی کی جائے گی، تمام فریقین کا مؤقف سن کر غیر جانبدارانہ تحقیقات کریں گے اور اگر الزامات ثابت ہوئے تو ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

رجب بٹ اور مان ڈوگر دونوں سوشل میڈیا پر خاصی شہرت رکھتے ہیں اور لاکھوں فالورز کے حامل ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ رجب بٹ کسی تنازع میں ملوث ہوئے ہوں، ماضی میں ان کے ایک پرفیوم برانڈ ’295‘ کے نام پر بھی مذہبی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی۔