نعیمہ بٹ نے دل ٹوٹنے پر جذباتی پیغام شیئر کردیا
گزشتہ برس کے مقبول ڈراما ’کبھی میں، کبھی تم‘ میں اہم کردار ادا کرنے والی اداکارہ نعیمہ بٹ نے دل ٹوٹنے پر ایک جذباتی پیغام شیئر کردیا۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک پراسرار شخص ’ج‘ کے بارے میں مبہم انداز میں پوسٹ کی، جس میں انہوں نے دل شکستگی اور اللہ پر ایمان کے ذریعے سکون حاصل کرنے کا اشارہ دیا۔
اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں نعیمہ بٹ نے لکھا کہ ’کچھ وقت گزرنے کے بعد احساس ہوتا ہے کہ تمام رشتے تقریباً ایک جیسے ہی ہوتے ہیں‘۔
انہوں نے لکھا کہ ’کسی کے چھوڑ جانے سے بہتر ہے کہ انسان تنہا ہوجائے، لیکن ہم پھر بھی تنہا کیوں نہیں رہتے؟‘
نعیمہ بٹ کے مطابق ’سب سے بہترین ذریعہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ سے جُڑنا ہے، بس یہی ہے اور بس اتنا ہی ہے، لیکن ج… مجھے تمہاری یاد آتی ہے‘۔
اس سے قبل ایک انٹرویو میں نعیمہ بٹ نے انکشاف کیا تھا کہ ماضی میں اُن کی زندگی میں ایک بہت پیارا شخص آیا تھا اور وہ انہیں بہت عزیز تھا۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اب وہ شخص اُن کی زندگی میں موجود نہیں، وہ دنیا سے جاچکا ہے، اس شخص کے جانے کے بعد اب انہیں کسی کے خوبصورت ہونے یا نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور نہ ہی اب کسی کو چاہنے کی خواہش باقی رہی ہے۔