دنیا

امریکا میں فائرنگ سے سابق ہاؤس اسپیکر شوہر سمیت ہلاک، ٹرمپ کی مذمت

اسپیکر میلیسا ہارٹ مین اور ان کے شوہر مارک اور قاتلانہ حملے میں ہلاک ہوگئے، دوسرے حملے میں سینیٹر جان ہوفمین اور ان کی اہلیہ زخمی ہو گئیں، گورنر مینیسوٹا

امریکی ریاست مینیسوٹا میں فائرنگ کے نتیجے میں سابق ہاؤس اسپیکر میلیسا ہارٹ مین شوہر سمیت 2 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

بین الاقوامی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق گورنر مینیسوٹا ٹم والز نے تصدیق کی ہے کہ ہفتے کی صبح 2 ڈیموکریٹ قانون ساز اسپیکر میلیسا ہارٹ مین اور ان کے شوہر مارک دم توڑ گئے ہیں۔

گورنر کے مطابق اسپیکر میلیسا ہارٹ مین کا قتل ’سیاسی عدم برداشت‘ کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔

مقامی رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے ٹم والز کا کہنا تھا کہ میری اچھی دوست اور ساتھی، اسپیکر میلیسا ہارٹ مین اور ان کے شوہر مارک کو آج صبح گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔

گورنر مینیسوٹا کے مطابق ریاست میں پیش آنے والے ایک اور واقعے میں سینیٹر جان ہوفمین اور ان کی اہلیہ پر بھی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دونوں زخمی ہوگئے اور دونوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دونوں کی سرجری کی گئی ہے، گورنر نے کہا کہ مجھے امید ہے وہ دونوں بچ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں واقعات پرتشدد سیاسی کارروائیاں محسوس ہوتی ہیں، پرامن گفتگو ہماری جمہوریت کی بنیاد ہے، ہم اپنے اختلافات کو تشدد یا بندوق کی نوک پر حل نہیں کر سکتے۔

ٹم والز نے مزید بتایا کہ ڈیموکریٹس پر حملہ کرنے والا مشتبہ شخص پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد فرار ہو گیا ہے جب کہ اس کی تلاش جاری ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مذمت

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹس قانون سازوں پر حملے کی مذمت کی ہے۔

صدر ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا کہ مینیسوٹا میں ہونے والی فائرنگ کے بارے میں بتایا گیا ہے، یہ بظاہرریاستی قانون سازوں کے خلاف ٹارگٹڈ حملہ لگتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس طرح کے خوفناک واقعات کو امریکا میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔