وزیرخارجہ اسحٰق ڈار کو ترک ہم منصب کا ٹیلی فون، خطے کی بگڑتی صورتحال پر اظہار تشویش
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار سے ترکیہ کے وزیر خارجہ نے ٹیلفونک رابطہ کیا ہے، دونوں وزرائے خارجہ کی جانب سے اسرائیلی جارحیت اور ایران پر حملوں سے تشویش کا اظہار کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار کو ترک ہم منصب حقان فیدان نے ٹیلی فون کیا، دوران گفتگو دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کے ایران پر بلاجواز حملوں کے باعث خطے میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ نے ترک ہم منصب کو اگلے ہفتے استنبول میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی یقین دہانی کرائی۔
یاد رہے کہ اسرائیلی حکومت نے 13 جون کی علی الصبح تہران کے متعدد رہائشی علاقوں اور ایران کے دیگر حصوں میں واقع عسکری و جوہری مراکز پر حملے کیے تھے۔
ان حملوں میں کئی اعلیٰ فوجی کمانڈرز، کم از کم چھ ایرانی جوہری سائنسدان، اور درجنوں عام شہری شہید ہو چکے ہیں۔
ایرانی مسلح افواج نے ان حملوں کے جواب میں اسرائیلی مقبوضہ علاقوں کے کئی شہروں پر تباہ کن بیلسٹک میزائلوں سے جوابی کارروائی کی ہے۔