اسرائیلی وزیراعظم کا تہران میں بڑی کارروائی کا اعلان
اسرائیلی وزیراعظم نے تہران میں بڑی کارروائی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران میں 2 اہم اہداف کا خاتمہ کرنے جا رہے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایئرفورس ہینگرمیں پائلٹوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فضائیہ نے تہران کی فضاؤں پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے، یہ پورے آپریشن میں ایک اہم تبدیلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تہران میں 2 اہم اہداف کا خاتمہ کرنے جارہے ہیں یعنی جوہری خطرے کا خاتمہ اور میزائل خطرے کا خاتمہ۔
نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ جب ہم تہران کی فضاؤں پر قابض ہوتے ہیں، تو ہم ایرانی حکومت سے متعلق اہداف کو نشانہ بناتے ہیں جبکہ ایران کی حکومت ہمارے شہریوں کو نشانہ بناتی ہے، ہم تہران کے شہریوں سے کہتے ہیں کہ انخلا کرلیں۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ہم فتح کی جانب بڑھ رہے ہیں اور یہ کامیابی ہمارے بہادر پائلٹس اور زبردست گراؤنڈ عملے کی مرہونِ منت ہے، جو شاندار کام کر رہے ہیں۔
دریں اثنا، ایک اسرائیلی فوجی ترجمان نے کہا کہ اسرائیل نے ایران پر فضائی برتری حاصل کر لی ہے اور ایران کے سطح زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل لانچرز میں سے ایک تہائی سے زائد کو تباہ کر دیا ہے۔
دوسری جانب، اسرائیلی قومی سلامتی کے مشیر تزاہی بانیگبی نے کہا کہ ایران پرحملے کے مقاصد حاصل نہیں کرپائے، حملے کا مقصد ایرانی جوہری پروگرام ختم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جنگ ایرانی خطرے کا خاتمہ نہیں کرسکے گی، ایران کے پاس اب بھی ہزاروں بیلسٹک میزائل ہیں۔