امریکا نے اسرائیل سے کچھ سفارتی عملے کو فوجی جہاز کے ذریعے نکال لیا

امریکا نے اسرائیل میں سفارت خانے سے کچھ عملے اور ان کے اہل خانہ کو فوجی طیارے کے ذریعے نکال لیا۔ سی این این کی رپورٹ...

امریکا نے اسرائیل میں سفارت خانے سے کچھ عملے اور ان کے اہل خانہ کو فوجی طیارے کے ذریعے نکال لیا۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق تین ذرائع نے بتایا کہ سفارت خانے کو مکمل طور پر خالی کرنے کا حکم نہیں دیا گیا اور سفارت کاروں اور خاندان کے افراد کو وہاں سے جانے کی ضرورت نہیں ہے۔

اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتے تنازع کے پیش نظر سفارتخانے کے متعدد عملے نے رضاکارانہ مجاز روانگی کا فائدہ اٹھایا، جبکہ کچھ نے اردن کے زمینی راستوں کے ذریعے ملک چھوڑ دیا ۔

امریکی سفارت خانے کے ایک ترجمان نے کہا کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے اور سفارت خانے کے عملے نے مختلف طریقوں سے اسرائیل سے روانہ ہونا شروع کر دیا، جبکہ سفارت خانے نے منگل کو یہ بھی اعلان کیا کہ اس کے دفاتر ہفتے کے آخر تک بند رہیں گے۔

اسرائیل میں امریکی سفیر مائیک ہکابی نے کہا کہ امریکا، اسرائیل چھوڑنے کے خواہش مند امریکیوں کے لیے انخلا کی پروازوں اور کروز جہازوں کی روانگی کا بندوبست کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹامی بروس نے اعلان کیا تھا کہ محکمہ نے امریکیوں کو مدد فراہم کرنے سمیت جاری تنازع سے نمٹنے کے لیے ٹاسک فورس قائم کی ہے، جو 24 گھنٹے کام کرے گی۔