یاسر حسین عبدالستار ایدھی کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں شمولیت کے خواہاں
اداکار و ہدایت کار یاسر حسین نے معروف مرحوم سماجی رہنما عبد الستار ایدھی کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کی ٹیم کا حصہ بننے کی خواہش ظاہر کردی۔
ایک روز قبل ہی وزیر اطلاعات و نشریات سندھ شرجیل انعام میمن نے ایک تقریب میں بتایا تھا کہ حکومت سندھ فلم سازوں کی شراکت سے عبدالستار ایدھی صاحب کی زندگی پر فلم بنانے پر کام کر رہی ہے۔
صوبائی وزیر نے بتایا تھا کہ وزارت اطلاعات و نشریات سندھ فلم ساز ستیش آنند کے ساتھ مل کر معروف سماجی رہنما عبد الستار ایدھی کی زندگی پر فلم بنا رہا ہے۔
اگرچہ شرجیل انعام میمن نے عبد الستار ایدھی کی زندگی پر فلم بنائے جانے کی تصدیق کی تھی، تاہم انہوں نے اس ضمن میں مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کی تھی۔
اب اداکار یاسر حسین نے مذکورہ فلم کی ٹیم کا حصہ بننے کی خواہش ظاہر کردی، جس بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی فلم سے متعلق مزید معلومات بھی سامنے آئے گی۔
یاسر حسین نے شرجیل انعام میمن کی جانب سے عبدالستار ایدھی کی زندگی پر فلم بنانے کے اعلان کی خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری میں فلم کا حصہ بننے کی خواہش ظاہر کی۔
اداکار نے لکھا کہ وہ مذکورہ فلم کی ٹیم کا حصہ بننے کے لیے آڈیشن دینا چاہیں گے۔
ان کی جانب سے فلم میں شمولیت اختیار کیے جانے کی خواہش ظاہر کیے جانے کے بعد ممکنہ طور پر فلم کی ٹیم ان سے رابطہ کرے گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔