دنیا

یمن کے حوثیوں کا بحیرہ احمر میں امریکی بحری جہازوں پر حملوں کا اعلان

مسلح افواج کے بحیرۂ احمر میں امریکی بحری جہازوں اور جنگی بیڑوں کو نشانہ بنانے کے اعلان کی توثیق کرتے ہیں، حوثی حکومت

یمن کی حوثی حکومت نے کہا ہے کہ وہ اپنی مسلح افواج کے اس اعلان کی حمایت کرتی ہے جس میں ایک روز قبل یہ کہا گیا تھا کہ اگر امریکا نے ایران پر حملے کیے تو وہ بحیرۂ احمر میں امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنائیں گے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق یمن کی حوثی حکومت نے بیان میں کہا ہے کہ ’ہم یمن کی جانب سے مسلح افواج کے اُس اعلان کی توثیق کرتے ہیں جس میں کہا گیا تھا کہ وہ بحیرۂ احمر میں امریکی بحری جہازوں اور جنگی بیڑوں کو نشانہ بنانے کے لیے تیار ہیں‘۔

یہ بیان امریکا کی جانب سے ایران پر حملے کے بعد جاری کیا گیا ہے۔

ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم نیوز کے مطابق یمن کی انصار اللہ تحریک نے ایران پر امریکا کے حملے کو بزدلانہ جارحیت قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ اقدام اسرائیلی مفادات کی تکمیل کے لیے کیا گیا ہے اور خطے و عالمی سلامتی کے لیے براہِ راست خطرہ ہے۔

اتوار کو جاری کردہ ایک بیان میں انصار اللہ کے سیاسی بیورو نے امریکا کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران اور اس کی جوہری تنصیبات پر ہونے والی سفاک اور بزدلانہ جارحیت کو سخت الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر امریکی حملہ تمام بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انصار اللہ نے اس اقدام کو خطرناک اشتعال انگیزی اور علاقائی و عالمی امن و سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ قرار دیا۔

بیان میں امریکا پر اسرائیلی حکومت کی مجرمانہ سرگرمیوں کی لامحدود حمایت کا الزام عائد کیا گیا اور کہا گیا کہ واشنگٹن کی یہ جارحیت صہیونی مظالم کے لیے جاری امریکی پشت پناہی کا ہی تسلسل ہے۔

غزہ میں ہونے والے مظالم کا ذکر کرتے ہوئے انصار اللہ نے کہا کہ ’صہیونی دشمن، مکمل امریکی حمایت کے ساتھ، غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف نسل کشی کے جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے، اور یہ جرائم بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہیں۔

انصار اللہ نے اس بات پر زور دیا کہ ایران نے ہمیشہ فلسطینی کاز اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف مزاحمتی تحریکوں کی حمایت کی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’یہ امریکی حملہ ایران کے جہاد اور آزادی کے اس راستے کو نہیں روک سکتا جو وہ امریکی تسلط اور اس کے اسرائیلی آلہ کار کے خلاف اختیار کیے ہوئے ہے‘۔

انصار اللہ نے ایران کی قیادت، عوام اور مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مسلم دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ خاموشی اور غیر جانبداری ترک کرے۔

بیان کے مطابق صہیونی-امریکی تکبر کے مقابلے میں واحد مؤثر راستہ متحدہ جہاد اور مزاحمت ہے۔