ایران میں دیگر اہداف بھی ہیں، فوجی کارروائی جاری رکھیں گے، اسرائیلی فوج

فردو سائٹ پر امریکی حملے میں افزودہ یورینیم کے ذخائر تباہ ہونے کے بارے میں فیصلہ دینا ابھی قبل از وقت ہے، ہمیں بعد میں پتا چلے گا، ترجمان ایفی ڈیفرن

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس کے ایران میں دیگر اہداف بھی ہیں اور وہ فوجی کارروائی جاری رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ایفی ڈفرن نے ایک براہِ راست نشر ہونے والی پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ ہمارے دیگر مقاصد بھی ہیں اور ہم ان کے حصول تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ امریکا کے اس بمباری حملے کے نتائج کا جائزہ لے رہی ہے، جو ایران کی زیرِ زمین جوہری تنصیب فوردو پر کیا گیا، ’ابھی یہ کہنا بہت جلدی ہوگا کہ آیا افزودہ یورینیم کے ذخائر تباہ ہو چکے ہیں یا نہیں۔

جب ترجمان ایفی ڈفرن سے پوچھا گیا کہ ایران نے فوردو سے افزودہ یورینیم ہٹا لیا تھا یا وہ ملبے تلے دب چکا ہے، تو انہوں نے جواب دیا کہ ہم مسلسل صورتِ حال کا جائزہ لے رہے ہیں، اس بارے میں فیصلہ دینا ابھی قبل از وقت ہے، میرا خیال ہے کہ ہمیں بعد میں پتا چلے گا۔