’وائٹ ہاؤس میں اس سے بڑا دوست نہیں ملا‘، نیتن یاہو کا ایران کیخلاف جنگ میں شمولیت پر ٹرمپ کا شکریہ
اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازع میں امریکی مداخلت پر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وائٹ ہاؤس میں اس سے بڑا دوست کبھی نہیں ملا۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق منگل کی رات قوم سے خطاب میں اسرائیلی وزیرِ اعظم نے ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں وائٹ ہاؤس میں اس سے بڑا دوست کبھی نہیں ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے صرف دفاعی نہیں بلکہ جارحانہ طور ’بے مثال انداز‘ میں اس مہم میں شمولیت اختیار کی اور ہم نے ’آپریشن رائزنگ لائن‘ میں تاریخی فتح حاصل کی۔
نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ جنگ بندی سے صرف چند گھنٹے پہلے اسرائیل نے تہران پر گزشتہ 50 سالوں کا ’تباہ کن ترین‘ حملہ کیا، ہم نے درجنوں رجیم کے کارندے اور پاسدارانِ انقلاب کے ارکان کو ختم کیا۔
انہوں نے ایک بار پھر اپنا دعویٰ دہرایا کہ اسرائیل نے ایران کے جوہری پروگرام کو ’تباہ‘ کر دیا، خبردار کیا کہ اگر ایران میں کوئی اس پروگرام کو بحال کرنے کی کوشش کرے گا تو اسرائیل ’اسی عزم اور طاقت کے ساتھ اس کوشش کو ناکام بنائے گا‘۔
نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل نے ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام اور اس کے بیشتر لانچرز کو بھی تباہ کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ چند گھنٹے قبل صدر ٹرمپ نے اسرائیل کو ایران کے ساتھ جنگ بندی کی خلاف ورزی پر کھلے عام تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔