دنیا

ماسکو: بیلاروسی شہری نے افغان بچے کو زمین پر پٹخ دیا، ریڑھ کی ہڈی، کھوپڑی شدید متاثر

ماسکو ایئرپورٹ پر نشے میں دھت31 سالہ ولادیمیر وِتکوف نے بچے کو پٹخا، ملزم گرفتار، ’بچے کو قتل کرنے کی کوشش‘ کا اعتراف، ڈیڑھ سالہ یزدان زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے، برطانوی اخبار

ایک بیلاروسی شخص کو بدھ کے روز ماسکو کے شیرمیتیو ہوائی اڈے کے ارائیول ہال میں افغان بچے کو اٹھا کر زمین پر پٹخنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔

برطانیہ کے اخبار ’دی ڈیلی مرر‘ کی رپورٹ کے مطابق اس واقعے میں بچے کو ریڑھ کی ہڈی اور کھوپڑی کی سنگین چوٹیں آئیں۔

برطانوی اخبار کے مطابق 31 سالہ تعمیراتی مزدور ولادیمیر وِتکوف کو گرفتار کر لیا گیا، اور اس نے ’بچے کو قتل کرنے کی کوشش‘ کرنے کا اعتراف کیا ہے، بچہ اپنے خاندان کے ساتھ ایران سے فرار کے بعد روس آیا تھا، جہاں اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے باعث حالات خراب ہو چکے تھے۔

ڈیلی مرر نے رپورٹ کیا کہ ڈیڑھ سالہ یَزدان اس وقت زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے، اس کی کھوپڑی میں فریکچر اور ریڑھ کی ہڈی میں شدید چوٹیں آئی ہیں، وِتکوف، متاثرہ بچہ اور اس کی والدہ ایک ہی پرواز سے ماسکو پہنچے تھے۔

ڈیلی مرر اور ڈیلی میل دونوں نے رپورٹ کیا کہ بچے کو کھوپڑی اور ریڑھ کی ہڈی میں شدید چوٹیں آئی ہیں، جب کہ ڈیلی میل نے لکھا کہ بچہ ’کوما‘ میں ہے۔

سی سی ٹی وی کی دل دہلا دینے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ وِتکوف نے بچے کو اٹھایا اور ماسکو ہوائی اڈے کے آمد ہال میں زور سے زمین پر پٹخ دیا۔

ڈیلی میل کے مطابق حملہ آور (جسے ایک روسی عہدیدار نے ’درندہ‘ قرار دیا) نے پہلے ارد گرد دیکھا کہ کوئی دیکھ تو نہیں رہا، پھر اچانک بچے کو پکڑ کر زور سے زمین پر دے مارا۔

رپورٹ کے مطابق، وِتکوف مبینہ طور پر قبرص یا مصر سے ماسکو آیا تھا، اور واقعے کے فوراً بعد اسے حراست میں لے لیا گیا، شبہ ظاہر کیا گیا کہ وہ نشے کی حالت میں تھا۔

مرر کے مطابق، وِتکوف کو مصر میں ایک نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیراتی نوکری سے اس وقت نکال دیا گیا تھا، جب وہ منشیات و الکوحل کے ٹیسٹ میں فیل ہو گیا تھا، ایک دوست کے مطابق وہ اسی دوران ماسکو واپس جا رہا تھا۔

مرر نے مزید رپورٹ کیا کہ پولیس تفتیش کے دوران جب اس سے پوچھا گیا کہ تم نے کیا کیا؟ تو وِتکوف نے جواب دیا ’میں نے ایک بچے کو قتل کرنے کی کوشش کی‘۔

ڈیلی میل نے رپورٹ کیا کہ پولیس یہ جانچ کر رہی ہے کہ آیا یہ حملہ نسل پرستی یا کسی اور تعصب پر مبنی تھا، تاہم، مرر کے مطابق جب وِتکوف سے اس کے محرکات کے بارے میں پوچھا گیا تو اس نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں، میں نشے میں تھا۔

ڈیلی مرر کے مطابق وِتکوف کے پاس سے چرس برآمد ہوئی، اور اس کے خون میں بھی اس کے آثار پائے گئے، ماش نیوز آؤٹ لیٹ نے رپورٹ کیا کہ اس نے قاہرہ میں 3 بوتل وہسکی پی اور چرس حاصل کی تھی۔

ماسکو ریجن کی بچوں کی محتسب، کسنیا میشونووا نے کہا کہ ایک نشے میں دھت درندے نے ہوائی اڈے کے آمد ہال میں ایک بچے کو اٹھا کر پوری قوت سے زمین پر دے مارا، یہ سب دیکھنا بہت ہی مشکل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ گرفتار کیے گئے اس درندے کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا ملے گی، میں بچے کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں، خدا والدین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت دے۔

ڈیلی مرر نے محتسب کا یہ بیان بھی نقل کیا کہ وہ چاہتی ہیں کہ وِتکوف کو اتنی سخت کی سزا دی جائے کہ وہ بڑھاپے تک نڈھال ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ بہت محتاط الفاظ استعمال کرتی ہوں، لیکن اب میرے اندر اتنی ہمت نہیں کہ کچھ نہ کہوں، یہ ایک نشئی درندہ ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم نے رپورٹ کیا کہ روس میں ایرانی سفیر، کاظم جلالی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بالکل غیر انسانی قرار دیا۔

جلالی نے تسنیم کو بتایا کہ ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ایک بچے کو انتہائی بے رحمی سے زمین پر پٹختے ہوئے دکھایا گیا ہے، کچھ لوگوں نے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آور یہودی تھا، لیکن میں اس کی تصدیق نہیں کر سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تہران نے فوراً روسی حکام سے رابطہ کیا تاکہ متاثرہ بچے کی شہریت کی تصدیق کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر کہا گیا تھا کہ بچہ ایرانی ہے، لیکن روسی وزارت خارجہ کے حکام نے بتایا کہ کیس میں بچہ باضابطہ طور پر افغان درج ہے، بے گناہ بچہ، جو اس وقت کوما میں ہے، غالباً افغان خاندان سے ہے۔