سویلین جوہری تنصیبات کی تباہی پر ایران نے امریکا سے ہرجانہ مانگ لیا، اقوام متحدہ سے رجوع کا فیصلہ
سویلین جوہری تنصیبات کی تباہی پر ایران نے امریکا سے ہرجانہ مانگ لیا، ایران نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ واشنگٹن فردو، نطنز اور اصفہان میں جوہری تنصیبات کو نقصان کی تلافی کرے۔
نائب ایرانی وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے ’المیادین ٹی وی‘ کو انٹرویو میں کہا کہ حملوں کے بدلے امریکا کو لاکھوں ڈالر ادا کرنا ہوں گے، سائنسی اور تکنیکی تنصیبات پر بمباری کی شکایت اقوام متحدہ میں درج کرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا نے غاصب اسرائیلی حکومت کے ساتھ مل کر جارحیت کا ارتکاب کیا، ایران کی عظیم تہذیب کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔
سعید خطیب زادہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مزاحمت سے اسرائیل کو بڑا دھچکا لگا، جنگ کے دوران ایران طاقتور ملک کی طرح اسرائیلی جارحیت کے سامنے ثابت قدم رہا ہے۔
نائب ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی آباد کار نیتن یاہو کی اسٹریٹجک غلطیوں کا شکار ہوئے، ہزاروں آبادکاروں کو گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا، کئی ہزار اسرائیلی ملک چھوڑ کر چلے گئے، ایران نے جارح قوت کو منہ توڑ جواب دیا۔
سعید خطیب زادہ نے انکشاف کیا کہ امریکا نے ایران کو جنگ ختم کرنے کے لیے پیغامات بھیجے، تاہم ایران نے جوابی اقدام کے طور پر خطے میں ایک امریکی فوجی اڈے پر حملہ کیا۔
سینئر ایرانی سفارت کار نے زور دیا کہ واشنگٹن کو ایران کی تنصیبات پر ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرنا ہوگا، اور ایران اقوام متحدہ میں شکایات درج کرائے گا، جن میں ملک کی سائنسی و تکنیکی صلاحیتوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کی جائے گی۔
نائب وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ ٹرمپ اس حقیقت کو تسلیم کریں کہ ایران ایک تہذیب ہے جسے مٹایا نہیں جا سکتا۔