لائف اسٹائل

پیاری مگر خوفناک! لابوبو گڑیا نے کیسے دنیا کو اپنا گرویدہ بنایا؟

لابوبو کے مداحوں میں صرف عام لوگ ہی نہیں، بلکہ کئی مشہور شخصیات بھی شامل ہیں، جن میں ریانا، کم کارڈیشین، دعا لیپا اور کے-پاپ بینڈ بلیک پنک کی گلوکارہ لیسا بھی شامل ہیں۔

لابوبو ایک ایسی گڑیا ہے جو دنیا بھر میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہے، یہ گڑیا دیکھنے میں کبھی دلچسپ، کبھی خوفناک اور کبھی پیاری لگتی ہے، خاص طور پر اگر اس کا رنگ اچھا نہ ہو تو یہ بالکل بھی پرکشش محسوس نہیں ہوتی۔

تاہم، یہ عجیب و غریب گڑیا دنیا بھر میں بے حد پسند کی جا رہی ہے اور لوگ اسے خریدنے کے لیے باقاعدہ قطاروں میں کھڑے ہوتے ہیں۔

پہلے یہ صرف بطور گڑیا دستیاب تھی، تاہم اب اس کے جیولری آئٹمز، بیگز اور شرٹس وغیرہ بھی مارکیٹ میں آ چکے ہیں۔

لابوبو کے مداحوں میں صرف عام لوگ ہی نہیں، بلکہ کئی مشہور شخصیات بھی شامل ہیں، جن میں ریانا، کم کارڈیشین، دعا لیپا اور کے-پاپ بینڈ بلیک پنک کی گلوکارہ لیسا بھی شامل ہیں۔

لابوبو کیا ہے؟

لابوبو ایک خیالی کردار ہے جسے ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والے کاسنگ لنگ نے تخلیق کیا اور چینی کمپنی پاپ مارٹ نے 2019 میں اسے اپنی ’دی مانسٹرز‘ سیریز کا حصہ بنایا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ’لابوبو‘ لفظ کا خود کوئی مطلب نہیں، مگر اس کی منفرد شکل، بڑی آنکھیں، نوکیلے کان، نو دانتوں والی مسکراہٹ اور نرم جسم، لوگوں کو فوراً اپنی جانب متوجہ کر لیتی ہے۔

ان کھلونوں کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ یہ ’بلائنڈ باکسز‘ میں فروخت ہوتے ہیں، یعنی خریدار کو معلوم نہیں ہوتا کہ باکس کے اندر کون سی گڑیا ہے اور یہی تجسس صارفین کو بار بار انہیں خریدنے پر مجبور کرتا ہے۔

پاپ مارٹ

پاپ مارٹ کی شروعات 2010 میں بیجنگ میں ایک عام اسٹور کے طور پر ہوئی۔ تاہم، جب 2016 میں اس نے بلائنڈ باکسز اور ’مولی‘ گڑیا متعارف کروائیں، تو کمپنی کی مقبولیت کا آغاز ہوا۔

اصل کامیابی لابوبو کے متعارف ہونے کے بعد ملی، 2020 میں جب کمپنی نے اپنے شیئرز اسٹاک مارکیٹ میں جاری کیے، تو مختصر وقت میں اس کی قیمت 500 فیصد سے بھی زیادہ بڑھ گئی۔

پاپ مارٹ کے سی ای او وانگ نِنگ، جو لابوبو گڑیا کی وجہ سے مشہور ہوئے، ان کی دولت 22 ارب 70 لاکھ ڈالر تک پہنچ چکی ہے اور ان کا شمار چائنہ کے امیر ترین لوگوں میں ہونے لگا ہے۔

2024 میں کمپنی کی آمدنی میں 188 فیصد اضافہ ہوا جبکہ کل فروخت 1 ارب 80 لاکھ ڈالر تک جا پہنچی۔

آج پاپ مارٹ دنیا کے 30 سے زائد ممالک میں 2 ہزار سے زیادہ خودکار مشینیں چلا رہی ہے، جن سے صارفین اپنی پسند کی گڑیاں خرید سکتے ہیں۔

عالمی سطح پر مقبولیت

لابوبو کی عالمی مقبولیت کورونا وبا کے بعد سامنے آئی، جب چین میں زندگی معمول پر آئی، تو لوگ ایسی چیزوں کی طرف مائل ہوئے جو جذباتی سکون اور ہلکی پھلکی خوشی فراہم کریں اور لابوبو اس معیار پر پورا اتری۔

تاہم، اس کی اصل شہرت اپریل 2024 میں اس وقت سامنے آئی جب کے-پاپ بینڈ بلیک پنک کی گلوکارہ لیسا نے انسٹاگرام پر لابوبو کے ساتھ تصاویر شیئر کیں۔

اس کے بعد کم کارڈیشین، ریانا اور حتیٰ کہ سر ڈیوڈ بیکہم بھی اس رجحان کا حصہ بن گئے۔

مناسب قیمت

لابوبو گڑیا زیادہ مہنگی نہیں ہے، ان کی قیمت عام طور پر تقریباً 6.95 امریکی ڈالر یا 5.12 برطانوی پاؤنڈ ہوتی ہے، جو موجودہ شرحِ تبادلہ کے مطابق تقریباً 1 ہزار 950 سے 2 ہزار 100 پاکستانی روپے بنتی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ بچے، نوجوان، حتیٰ کہ 30 سال کی عمر کے افراد بھی ان کے دیوانے ہو چکے ہیں۔

سوشل میڈیا پر مقبولیت

آج لاکھوں افراد انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور یوٹیوب پر لابوبو کی ’ان باکسنگ‘ ویڈیوز دیکھ رہے ہیں۔

لوگ اس تجسس میں ویڈیوز دیکھتے ہیں کہ باکس میں سے کون سی گڑیا نکلے گی، سب سے دلچسپ لمحہ وہ ہوتا ہے جب انفلوئنسر باکس کو ہلا کر اندازہ لگاتے ہیں کہ اس میں ان کی پسندیدہ گڑیا ہے یا نہیں اور ان گڑیاؤں میں ’چیزر‘ نامی ماڈل سب سے زیادہ مقبول ہے۔