بیگم نے دوسری شادی کی اجازت دے رکھی ہے، مجھے ضرورت نہیں، یوٹیوبر ارشد
زینب اور دعا کے پاپا کے ڈائلاگ سے مشہور یوٹیوبر ارشد نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں بیگم نے دوسری شادی کی اجازت دے رکھی ہے لیکن انہیں دوسری بیوی کی ضرورت نہیں۔
ارشد حال ہی میں ’سنو ٹی وی‘ کے پروگرام میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اسکول کی تعلیم کم لی، وہ اسکول میں تین جماعتوں تک پڑھے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسکول میں تین جماعتیں پڑھنے کے بعد انہوں نے مدرسے سے تعلیم حاصل کی جب کہ ان کی بیگم ان سے زیادہ پڑھی لکھی ہیں۔
ان کے مطابق ان کی اہلیہ نے میٹرک کر رکھا ہے لیکن وہ سادہ مزاج کی خاتون ہیں، ان کی سادگی کی وجہ سے انہیں ویڈیوز کی ریکارڈنگ میں بھی کئی ری ٹیک لینے پڑتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی بیگم کی وجہ سے انہیں ویڈیوز بنانے میں تھوڑی سے مشکل ضرور آتی ہے، وہ انہیں بار بار سمجھاتے ہیں کہ انہوں نے کیسے اور کیا بولنا ہے، وہ سادہ شخصیت کی مالک ہیں۔
پروگرام کے دوران دوسری شادی کے سوال پر ارشد نے بتایا کہ مرد کی دوسری شادی کرنا یا کسی بیگم کی جانب سے شوہر کو دوسری شادی کی اجازت دینا کوئی بڑی بات نہیں۔
انہوں نے دلیل کی کہ بعض علاقوں اور مقامات پر ہوسکتا ہے کہ مرد کی دوسری شادی کرنا یا اسے پہلی بیوی سے اجازت لینا بڑی بات ہو لیکن ان کے علاقے میں مذکورہ بات معمولی ہے، وہاں یہ بات نارمل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر معاشرے اور علاقے کی اپنی روایات ہوتی ہیں، بعض باتیں کسی علاقے میں بہت بڑی ہوتی ہیں لیکن کسی علاقے میں وہی باتیں نارمل ہوتی ہیں۔
ارشد خان نے اسی بات پر کہا کہ ہر مرد کی دوسری شادی ہو بھی نہیں سکتی اور نہ ہر مرد کو دو شادیاں کرنی چاہئیے، وہی مرد دوسری شادی کرے جو عدل کر سکے۔
انہوں نے واضح کیاکہ ان کا دوسری شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، اگرچہ انہیں بیگم نے اجازت دے رکھی ہے لیکن انہیں دوسری بیوی کی ضرورت نہیں، اس لیے وہ شادی نہیں کریں گے۔
ارشد نے بتایا کہ کمنٹس میں متعدد لڑکیاں ان سے شادی کی خواہش ظاہر کر چکی ہیں لیکن وہ ایسے کمنٹس پر توجہ نہیں دیتے۔
اسی دوران انہوں نے واضح کیا کہ ان کے لیے اپنی بیگم کے علاوہ تمام خواتین مائیں اور بہنیں ہیں۔