زارا ترین کا دو بار محبت میں دل ٹوٹنے کا اعتراف
سینئر اداکارہ زارا ترین نے دو بار محبت میں دل ٹوٹنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو بار ناکامی کے بعد تیسری بار انسان چاہتے ہوئے بھی محبت نہیں کر سکتا۔
زارا ترین نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ انہیں بچپن میں اداکاری کا شوق نہیں تھا، تاہم انہیں دیگر متعدد کام کرنے کا شوق لگا رہتا تھا۔
ان کے مطابق وہ کم عمری میں پاکستان گھومنے آئیں تو ان کی خالہ نے ایک فیشن شو کے لیے ان کی تصویر جمع کروا دی، جس کے بعد انہیں ماڈلنگ کی پیش کش ہوئی اور انہوں نے نہ چاہتے ہوئے بھی ماڈلنگ کیریئر کا آغاز کیا۔
زارا ترین کا کہنا تھا کہ انہوں نے شوبز انڈسٹری اور اداکاری سے بھی ایک طرح سے یک طرفہ محبت کی، انہیں انڈسٹری نے محبت کے بدلے محبت نہیں دی۔
اداکارہ کے مطابق وہ اداکاری سے محبت کرتی ہیں، انہیں اب اداکاری کے علاوہ کوئی اور کام نہیں آتا لیکن انڈسٹری نے بدلے میں انہیں محبت نہیں دی، البتہ انہیں عزت ملی۔
زارا ترین نے کہا کہ وہ ایسا کردار ادا کرنا چاہتی ہیں جو بہت ساری مشکلات سے گزرا ہو، وہ چاہتی ہیں کہ انہیں اس طرح کا حقیقی زندگی جیسا مشکل کردار دیا جائے جو ایسی مشکلات برداشت کر رہا ہو جو انہوں نے اپنی حقیقی زندگی میں بھی مشکلات نہ دیکھی ہوں۔
محبت کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں بھی دو بار محبت کرنے کا موقع ملا اور دونوں بار انہیں لگا کہ ان کی محبت یک طرفہ تھی۔
ان کے مطابق تمام محبتیں یک طرفہ ہوتی ہیں، آگے چل کر ہر کسی کو احساس ہوتا ہے کہ وہ دوسرے شخص سے زیادہ محبت کرتا ہے جب کہ انہیں محبت نہیں ملتی۔
اسی موضوع پر بات کرتے ہوئے زارا ترین نے اعتراف کیا کہ ان کا دل دو بار ٹوٹا، تاہم انہوں نے اس کی تفصیلات نہیں بتائیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں ہر انسان پہلی بار تجربے کے طور پر محبت کرتا ہے جب کہ دوسری بار دل ٹوٹنے پر شدید دکھ پہنچتا ہے، جس کے بعد سنبھلنا مشکل ہوجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں دو بار دھوکا ملنے کے بعد ہر انسان کو لگتا ہے کہ اب وہ تیسری بار محبت نہیں کر پائے گا۔
اگرچہ زارا ترین نے دو بار محبت میں دل ٹوٹنے کا اعتراف کیا لیکن انہوں نے اپنی شادی کا ذکر نہیں کیا، تاہم صارفین نے اندازے لگائے کہ شاید وہ اپنی شادی کے ناکام ہونے کی بات کر رہی ہیں۔
زارا ترین نے پاکستانی نژاد امریکی اداکار طاہر فاران سے نومبر 2021 میں شادی کی تھی، تاہم 2023 کے آغاز میں دونوں کے درمیان علیحدگی کی خبریں سامنے آئیں، جس پر تاحال دونوں نے کوئی وضاحت نہیں کی۔