نادیہ خان کے نام لیے بغیر ’دستک‘ ڈرامے کے مرکزی اداکاروں پر الزامات
اداکارہ، ٹی وی میزبان و ڈراما مبصر نادیہ خان نے نام لیے بغیر حال ہی میں نشر کیے جانے والے ڈرامے ’دستک‘ ڈرامے کے مرکزی اداکاروں پر الزامات عائد کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ اداکاروں کی وجہ سے ڈراما خراب ہوا۔
نادیہ خان نے حال ہی میں ’کیا ڈراما ہے‘ نامی ٹی وی شو میں ’دستک‘ ڈرامے کی ہدایت کارہ مرینہ خان کی موجودگی میں مرکزی اداکاروں پر الزامات عائد کیے۔
نادیہ خان کے انکشافات اور الزامات پر مرینہ خان خاموش رہیں اور انہوں نے کوئی وضاحت نہیں دی۔
نادیہ خان نے بتایا کہ انہیں مرینہ خان نے کچھ نہیں بتایا بلکہ ڈرامے کی ٹیم میں شامل کسی دوسرے رکن نے بتایا کہ ’دستک‘ ڈرامے کے بعض اداکاروں نے ٹیم کو بہت تنگ کیا۔
انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ڈرامے میں اہم کردار ادا کرنے والے کچھ اداکاروں نے ڈرامے کو خراب کیا، جس وجہ سے ڈراما اپنی مقبولیت بھی کھونے لگا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں ٹیم میمبر نے بتایا کہ ڈرامے کے اہم اداکاروں نے غیر پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا مظاہرہ کرنا شروع کیا، ٹیم کو تنگ کیا، وقت کی پابندی کا خیال نہیں کیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’دستک‘ اچھا ڈراما بن سکتا تھا، اس کی کچھ قسطیں مقبول بھی گئیں لیکن پھر آہستہ آہستہ ڈراما غیر مقبول ہونے لگا اور دیکھنے والے اندازہ لگا سکتے ہیں کہ ڈراما کیوں غیر مقبول ہوا۔
نادیہ خان کے مطابق ڈرامے کو دیکھیں تو اندازہ ہوتا ہے کہ کس اداکار نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہوگا، کس نے اداکاری اور اپنے کام پر توجہ نہیں دی ہوگی۔
انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر عتیقہ اوڈھو کے سوال پر بتایا کہ ’دستک‘ ڈرامے میں کام کرنے والے اہم اداکاروں نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرکے ڈرامے کو ناکام بنانے میں کردار ادا کیا۔
اگرچہ انہوں نے کسی نام نہیں لیا، تاہم ان کی بات پر سوشل میڈیا صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے ڈرامے کے مرکزی اداکار ’علی رضا‘ کی نشاندہی کی اور لکھا کہ نادیہ خان کا اشارہ ان کی جانب ہے۔
’دستک‘ ڈرامے کو اے آر وائے پر نشر کیا جا رہا ہے اور اس کے مرکزی اداکاروں میں علی رضا، مومنہ اقبال، سہائے علی ابڑو اور فیروز قادری شامل ہیں۔