سجل علی اور آصف رضا میر کو ایک ساتھ کاسٹ کرنے کی وجہ کیا بنی؟ ندیم بیگ نے بتادیا
معروف ہدایت کار ندیم بیگ نے ڈراما سیریل ’میں منٹو ہوں‘ میں سجل علی اور آصف رضا میر کو کاسٹ کرنے کی وجہ بتادی۔
ندیم بیگ نے حال ہی میں ملیحہ رحمٰن کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے ڈراما سیریل ’میں منٹو نہیں ہوں‘ کے ٹریلر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہیں سوچا تھا کہ اس کا ٹریلر اس انداز کا ہوگا، لیکن چونکہ ڈرامے کی کہانی بہت شاندار ہے، اسی لیے ایسا ٹریلر جاری کیا گیا۔
ندیم بیگ نے بتایا کہ اس ڈرامے کی کاسٹ بہت بڑی ہے اور زیادہ تر ایسے اداکار شامل ہیں جو اپنے اپنے وقت کے مشہور نام رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ ہمیشہ سے اداکارہ صائمہ خان کے ساتھ کام کرنا چاہتے تھے اور اس کردار کی پیشکش کے لیے انہوں نے انہیں بار بار فون کیا، لیکن ہر بار انہوں نے انکار کردیا۔
ندیم بیگ کے مطابق پھر انہوں نے سید نور کے ذریعے صائمہ خان کو ڈرامے میں کام کرنے پر آمادہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈرامے میں سجل علی ایک طالبہ کا کردار ادا کر رہی ہیں اور یہ کردار خاص طور پر سجل کے لیے ہی لکھا گیا تھا۔
ان کے خیال میں سجل اس ڈرامے میں بہت اچھی لگ رہی ہیں اور جس انداز میں انہوں نے کام کیا ہے، اس کے بعد کوئی بھی ہدایت کار انہیں فلم میں کاسٹ کرنے پر ضرور غور کرے گا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کے ذہن میں سجل کے والد کے کردار کے لیے سب سے پہلے آصف رضا میر آئے تھے، چنانچہ انہوں نے آصف رضا میر کو فون کیا۔
ندیم بیگ کے مطابق، انہوں نے آصف رضا میر سے کہا کہ ڈرامے میں آپ کو سجل کے والد کا کردار ادا کرنا ہے، یہ سننے کے بعد وہ چند لمحوں کے لیے خاموش ہو گئے، پھر جواب دیا کہ وہ ایک پروفیشنل اداکار ہیں اور انہیں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ سجل سے بھی اس بارے میں پوچھ لیں۔
آصف رضا میر سے بات مکمل کرنے کے بعد ندیم بیگ نے سجل علی سے رابطہ کیا، تو وہ بھی آصف رضا میر کے ساتھ کام کرنے پر راضی ہو گئیں، سجل علی نے کہا کہ اگر آپ کو لگتا ہے کہ اس کردار کے لیے آصف رضا میر موزوں ہیں تو انہیں کوئی اعتراض نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان دونوں فنکاروں نے ایک مثال قائم کی ہے ان اداکاروں کے لیے جو معمولی باتوں پر ایک ساتھ کام کرنے سے گریز کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ سجل علی نے 2020 میں آصف رضا میر کے بیٹے اور اداکار احد رضا میر سے شادی کی تھی، تاہم بعدازاں دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی، پہلی بار ان کی علیحدگی کی خبر 2022 میں منظرِ عام پر آئی۔