دنیا

امریکا نے شامی تنظیم النصرہ فرنٹ کو دہشتگرد تنظیموں کی فہرست سے خارج کردیا

یہ اقدام ٹرمپ کی جانب سے شام پر امریکی پابندیوں کے پروگرام کو ختم کرنے کے لیے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کے ایک ہفتہ بعد سامنے آیا ہے

امریکا نے شام کی تنظیم ’ حیات تحریر الشام ’ کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے خارج کر دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے شام کے لیے پابندیوں میں نرمی لانے کے اقدام کے تحت، النصرہ فرنٹ (جو حیات تحریر الشام کے نام سے بھی جانا جاتا ہے) کی غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کی حیثیت ختم کر دی ہے۔

رائٹرز کے مطابق یہ بات پیر کو جاری ہونے والے محکمہ خارجہ کے ایک میمو کے مطابق سامنے آئی ، 23 جون کا یہ میمو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے دستخط شدہ ہے اور اسے باضابطہ اشاعت سے قبل فیڈرل رجسٹر کے ایک پیش منظر میں شائع کیا گیا ہے۔

یہ اقدام ٹرمپ کی جانب سے شام پر امریکی پابندیوں کے پروگرام کو ختم کرنے کے لیے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کے ایک ہفتہ بعد سامنے آیا ہے، جس کا مقصد ملک کو بین الاقوامی مالیاتی نظام سے الگ تھلگ رہنے سے نکالنا اور تباہ کن خانہ جنگی کے بعد اس کی تعمیر نو میں واشنگٹن کے وعدے کو پورا کرنا ہے۔

مارکو روبیو نے میمو میں لکھاکہ’ اٹارنی جنرل اور سیکرٹری خزانہ سے مشاورت کے بعد، میں النصرہ فرنٹ، جسے حیات تحریر الشام (اور دیگر ناموں) کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کی غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کی حیثیت کو منسوخ کرتا ہوں۔’

حیات تحریر الشام پہلے القاعدہ کی شام کی شاخ تھی، دسمبر میں، شام کے صدر احمد الشریعہ کی قیادت میں حیات تحریرالشام نے دیگر باغیوں کے ساتھ مل کر حملہ کرتے ہوئے شام کے سابق صدر بشار الاسد کو اقتدار سے بے دخل کر دیا تھا۔

احمد الشریعہ کی حیات تحریر الشام نے کئی سال پہلے القاعدہ سے تعلقات منقطع کر لیے تھے اور اس کا کہنا ہے کہ وہ ایک جامع اور جمہوری شام کی تعمیر چاہتا ہے۔

شام کی وزارت خارجہ نے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

احمد الشریعہ اور ٹرمپ نے مئی میں ریاض میں ملاقات کی تھی، جہاں ایک بڑی پالیسی تبدیلی کے تحت، ٹرمپ نے غیر متوقع طور پر اعلان کیا تھا کہ وہ شام پر امریکی پابندیاں ہٹا دیں گے، جس کے بعد واشنگٹن نے اپنی پابندیوں میں نمایاں نرمی کی ہے۔