دانش نواز اور شاہ رخ خان کی اے آئی تصویر وائرل
اداکارہ و ہدایت کار دانش نواز کی جانب سے بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ شیئر کی گئی آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) تصویر وائرل ہوگئی۔
ہدایت کار نے انسٹاگرام اسٹوری میں شاہ رخ خان کے اے آئی اوتار کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کی۔
ان کی جانب سے شیئر کردہ ان کی تصویر حقیقی جب کہ شاہ رخ خان کی تصویر اے آئی کی مدد سے تیار کی گئی تھی۔
سیلفی تصویر میں دانش نواز نے سیاہ چشمہ لگا رکھا ہے جب کہ شاہ رخ خان ان کے ساتھ سائیڈ میں مسکراتے دکھائی دیتے ہیں۔
ان کی جانب سے تصویر شیئر کیے جانے کے بعد متعدد شوبز سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے اسے شیئر کیا گیا، جہاں صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔
بعض صارفین تصویر کو پہچاننے سے قاصر رہے اور انہوں نے دانش نواز کو مشورے دیے کہ انہیں اتنا زیادہ خرچ کرکے شاہ رخ خان سے ملنے جانے کی ضرورت نہیں تھی، وہ ساحر لودھی کے ساتھ تصویر بنوالیتے۔
جہاں کچھ صارفین ان کی تصویر میں اے آئی پہلو پہچاننے سے قاصر رہے، وہیں زیادہ تر افراد فوری طور پر پہچان گئے کہ انہوں نے اے آئی کے نئے فیچر کے ساتھ شاہ رخ خان کو اپنے ساتھ تصویر میں شامل کیا۔
صارفین نے نشاندہی کی کہ شاہ رخ خان کا چہرہ زیادہ بلر ہو رہا ہے اور ان کے چہرے کو زیادہ جوان کرکے دکھایا گیا ہے۔
اداکار کی جانب سے بولی وڈ بادشاہ کے ساتھ اے آئی تصویر شیئر کیے جانے پر بعض مداحوں نے اسے دانش نواز کا فین موومنٹ بھی قرار دیا۔