لائف اسٹائل

دھوکہ دینے والے شوہروں سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی اپنائیں، کومل عزیز کا خواتین کو مشورہ

انسان جذبات میں اکثر غلط قدم اٹھاتا ہے جس کا خمیازہ اسے کئی سالوں تک بھگتنا پڑتا ہے، اداکارہ

ماڈل و اداکارہ کومل عزیز خان نے کہا ہے کہ اگر کوئی خاتون اپنے شوہر کو بے وفائی کرتے ہوئے پکڑے تو فوری جذباتی ردعمل دینے کے بجائے صبر و حکمت سے کام لے اور سوچ سمجھ کر فیصلہ کرے۔

کومل عزیز خان نے حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر باتیں کیں۔

شو کے دوران کومل عزیز خان نے اُن خواتین کو مشورہ دیا جن کے شوہر انہیں دھوکہ دیتے ہیں۔

کومل عزیز نے کہا کہ اگر خدانخواستہ کوئی خاتون اپنے شوہر کو بے وفائی کرتے ہوئے پکڑ لے تو جذباتی ردعمل نہ دے، خاص طور پر اگر وہ مالی طور پر شوہر پر انحصار کرتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جذباتی ردعمل دینے سے نقصان الٹا خاتون کو ہی ہوگا، اسی لیے بہتر ہے کہ پہلے پرسکون ہو کر بیٹھیں، اپنے غصے کو قابو کریں اور پھر شوہر سے بدلہ لینے کے لیے مناسب حکمت عملی تیار کریں۔

اداکارہ نے کہا کہ کیونکہ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ اگر بیویاں فوری ردعمل دے دیتی ہیں تو شوہر پھر ان سے چھپ کر یہ کام کرنا شروع کر دیتے ہیں، اسی لیے بہتر ہے کہ فوراً اپنا ردعمل نہ دیں بلکہ اچھے سے ثبوت جمع کر کے پھر کوئی بھی قدم اٹھائیں۔

کومل عزیز نے یہ بھی کہا کہ وہ اس طریقہ کار پر عام زندگی میں بھی عمل کرتی ہیں کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ انسان جذبات میں اکثر غلط قدم یا غلط الفاظ بول دیتا ہے جس کا خمیازہ اسے کئی سالوں تک بھگتنا پڑتا ہے، اسی لیے اس طریقہ کار کو اپنا لیں کہ جتنا بھی غصہ ہو، فوراً ردعمل نہیں دینا۔

اداکارہ نے غصے کو کم کرنے کے لیے ایک ٹوٹکا بھی بتایا کہ اگر غصہ آئے اور وہ کم نہ ہو رہا ہو تو اُس جگہ سے اُٹھ کر دوسری جگہ پر چلے جائیں، وہاں جا کر پانچ گہری سانسیں لیں اور پھر واپس اسی جگہ پر چلے جائیں، پھر اگر غصہ کرنا بھی ہے تو کریں، لیکن آپ کے غصے کی شدت ویسی نہیں ہوگی جیسے پہلے تھی۔

کومل عزیز نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی انسان آپ کے اردگرد ایسا ہو جو آپ کی زندگی میں خوشیاں لانے کے بجائے اُسے خراب کر رہا ہو، وہ انسان کوئی بھی ہو سکتا ہے، آپ کا دوست یا کوئی اور تو ایسے انسانوں سے خود کو دور رکھیں، کیونکہ ان کا کام صرف اپنے اردگرد منفی ماحول پیدا کرنا ہوتا ہے اور ایسے لوگوں سے خود کو دور رکھنے میں ہی بہتری ہوتی ہے۔

حمیرا اصغر کی موت اکتوبر 2024 میں ہوئی، فرانزک اور ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر حکام کی تصدیق

بدتمیزی کرنے پر نصف درجن سے زائد مردوں کی پٹائی کر چکی ہوں، ماہم عامر

’انتہائی دردناک لمحہ تھا‘، مومنہ اقبال کا جنس سے متعلق جعلی ویڈیو پر ردعمل