حمیرا اصغر کے بہنوئی ان کی لاش وصول کرنے کو تیار، پولیس
سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ دو روز قبل فلیٹ میں مردہ پائی گئیں اداکارہ حمیرا اصغر کے بہنوئی ان کی لاش وصول کرنے کو تیار ہوگئے اور وہ 10 جولائی کو کراچی پہنچیں گے۔
حمیرا اصغر 8 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے کے فلیٹ سے مردہ حالت میں ملی تھیں، ابتدائی طور پر پولیس نے بتایا تھا کہ ان کی لاش 20 دن تک پرانی لگی ہے، تاہم بعد ازاں حیران کن انکشافات سامنے آئے۔
پولیس نے 9 جولائی کو بتایا کہ ممکنہ طور پر حمیرا اصغر کی لاش 6 ماہ سے زائد عرصے سے پرانی تھی، لاش سے خون کے نمونے تک حاصل نہیں کیے جا سکے تھے جب کہ گھٹنوں سے بھی لاش گلنا شروع ہوگئی تھی۔
پولیس نے 8 جولائی کو بتایا تھا کہ حمیرا اصغر کے والد نے بیٹی کی لاش وصول کرنے سے انکار کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ بیٹی سے کچھ عرصہ قبل تعلقات ختم کرچکے تھے۔
لیکن اب پولیس نے بتایا ہے کہ حمیرا اصغر کے بہنوئی ان کی لاش وصول کرنے کو تیار ہوگئے اور وہ 10 جولائی کو کراچی پہنچیں گے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈی آئی جی جنوبی سید اسد رضا نے تصدیق کی کہ حمیرا اصغر کے بہنوئی ان کی لاش وصول کرنے پہنچیں گے۔
سید اسد رضا کے مطابق اداکارہ کے بہنوئی نے خود پولیس سے رابطہ کیا اور ان کی لاش وصول کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔
پولیس افسر نے بتایا کہ اداکارہ کے بہنوئی 10 جولائی کو کسی بھی وقت کراچی پہنچیں گے، وہ لاش وصول کرنے کے بعد لاہور روانہ ہوں گے۔
والد کی جانب سے حمیرا اصغر کی لاش کو وصول کرنے کے انکار کے بعد متعدد شوبز شخصیات بھی سامنے آئی تھیں، جنہوں نے انتظامیہ کو اپیل کی تھی کہ وہ انہیں اداکارہ کی لاش کی تدفین کرنے کی اجازت دیں۔