سیاست کی طرح شوبز میں بھی لاشوں پر شہرت حاصل کی جاتی ہے، مدیحہ نقوی
ٹی وی میزبان مدیحہ نقوی نے کہا ہے کہ سیاست دانوں پر الزام لگایا جاتا ہے کہ وہ لاشوں پر سیاست کرتے ہیں لیکن شوبز میں بھی لاشوں پر شہرت حاصل کی جاتی ہے۔
مدیحہ نقوی نے اپنے مارننگ شو میں اداکارہ حمیرا اصغر کی اندوہناک موت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہفتوں پرانی لاش ملی اور کئی ہفتوں تک ان کی کسی کو خبر تک نہیں تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ حمیرا اصغر ان کے مارننگ شو میں بھی آ چکی تھیں اور وہ بہت معصوم اور پیاری شخصیت تھیں۔
مدیحہ نقوی نے کہا کہ بطور ٹی وی میزبان ان کا زیادہ تر مہمانوں کے ساتھ تعلق مارننگ شو کے اختتام تک ہوتا ہے لیکن بعد میں اگر وہ کہیں مل جائیں تو ان کے ساتھ دعا سلام ہوجاتی ہے لیکن حمیرا اصغر کے بہت سارے انڈسٹری کے دوست بھی تھے۔
ٹی وی میزبان کے مطابق حمیرا اصغر کی پرانی لاش ملنے کے بعد انہوں نے سوچا کہ اداکارہ کے دوست کہاں تھے جو ان کا بہترین دوست ہونے کا دعویٰ کرتے رہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ حمیرا اصغر کی لاش ملنے کے بعد بہت ساری شوبز شخصیات نے پوسٹس کیں اور دعویٰ کیا کہ اداکارہ ان کی بہترین دوست تھیں، ان کے ساتھ ان کے اچھے تعلقات تھے۔
مدیحہ نقوی نے سوال اٹھایا کہ اگر وہ حمیرا اصغر کے اچھے دوست تھے تو اس وقت کہاں تھے جب اداکارہ کئی ہفتوں تک لاپتہ تھیں؟
انہوں نے شوبز شخصیات کے دوغلے پن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے اداکارہ کے مرنے کے بعد انہیں اپنا دوست کہا، انہوں نے ان کی زندگی میں خبر تک نہ لی اور اداکارہ کی پرانی لاش ملی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں وہ بھی کراچی میں تنہا رہ چکی ہیں، اس لیے انہیں حمیرا اصغر کی موت کا سن کر زیادہ دکھ ہوا۔
مدیحہ نقوی نے شوبز شخصیات، اہل خانہ، رشتے داروں اور پڑوسیوں کو اپیل کی کہ وہ دوسروں کا خیال رکھا کریں۔
خیال رہے کہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو کراچی کے ڈی ایچ اے کے فلیٹ سے ملی تھی، پولیس نے ابتدائی طور پر شک ظاہر کیا تھا کہ لاش ایک ماہ پرانی ہے، تاہم 9 جولائی کو بتایا گیا کہ لاش 6 ماہ سے زائد عرصے سے پرانی ہے۔