کھانا، پینا بند کردیا تھا، سو نہیں پاتی تھی، نوشین شاہ کی ڈپریشن پر کھل کر گفتگو
اداکارہ نوشین شاہ نے ذہنی صحت پر کھل کر بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ تقریباً دو سال تک ڈپریشن میں مبتلا رہیں لیکن اب وہ بالکل ٹھیک ہیں اور کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
نوشین شاہ نے حال ہی میں ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
دو سال تک اسکرین اور سوشل میڈیا سے غائب رہنے کے سوال پر اداکارہ نے بتایا کہ ان کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی لیکن اب وہ ٹھیک ہیں۔
اسی معاملے پر مزید بات کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ وہ شدید ڈپریشن کا شکار ہوگئی تھیں، ابتدائی طور پر انہیں سمجھ نہیں آیا کہ انہیں کیا ہوا ہے۔
نوشین شاہ کے مطابق انہوں نے انتہائی خطرناک اور مایوس کرنے والا وقت دیکھا، وہ خدا کی شکر گزار ہیں کہ انہیں بیماری اور پریشانی سے نجات ملی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اس قدر ڈپریشن کا شکار ہوگئی تھیں کہ ان کا کھانا، پینا اور سونا بھی بند ہوچکا تھا، وہ کھا سکتی تھیں، نہ سو سکتی تھیں، ہر وقت خوف میں مبتلا رہتی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے تقریباً 60 سے 70 دنوں تک خود کو ایک کمرے تک محدود کردیا تھا، ہر وقت والدہ کو ساتھ رکھتی تھیں، اگر والدہ کہیں اٹھ کر جانے لگتیں تو انہیں ڈر لگتا تھا۔
نوشین شاہ نے ڈپریشن کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ ذہنی مسائل اور پیچیدگیوں کا شکار ہونے پر فوری طور پر ڈاکٹرز سے رجوع کریں۔
ڈپریشن پر بات کرتے ہوئے نوشین شاہ جذباتی بھی ہوگئیں اور اپنے مشکل وقت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں زندگی کا سیاہ ترین وقت دیکھا۔
گزشتہ ماہ جون میں بھی اداکارہ نے ڈپریشن سے متعلق بات کی تھی اور بتایا تھا کہ گزشتہ سال وہ شدید ڈپریشن کا شکار رہیں۔
انہوں نے بتایا تھا کہ زشتہ چند سال سے ڈپریشن کا شکار ہیں اور گزشتہ سال انہیں شدید کلینیکل انزائٹی کے اٹیک ہوئے، وہ 60 سے 70 دن تک انتہائی علیل رہیں۔
اس سے پہلے جون 2024 میں نوشین شاہ نے انسٹاگرام پر حجاب میں تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کی تھی اور بتایا تھا کہ وہ شدید ڈپریشن کا شکار ہیں۔
اس سے قبل مئی 2024 میں ہی انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ ان کی کامیابی سے سرجری ہوگئی لیکن انہوں نے سرجری یا بیماری سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔
اب اگرچہ نوشین شاہ نے اعتراف کیا کہ وہ شدید ڈپریشن کا شکار رہیں لیکن انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ کس خاص المیے کی وجہ سے وہ ڈپریشن کا شکار ہوئیں؟