پاکستان

حیدرآباد: گھریلو ناچاقی پر شوہر نے 50 سالہ بیوی کو قتل کردیا

مقتولہ صفیہ کو شوہر نے کلہاڑی اور ڈنڈوں سے مارا تھا، مقتولہ کے اہل خانہ نے علی نواز کو اسی طرح بے رحمی سے قتل کردیا، ایس ایچ او تھانہ حسڑی

سندھ کے شہر حیدرآباد میں ہوسڑی تھانے کی حدود میں واقع ایک گاؤں میں گھریلو ناچاقی پر شوہر نے 50 سالہ بیوی کو قتل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ہوسڑی تھانے کے ایس ایچ او جمن کھوسو نے بتایا ہے کہ علی نواز پنھور نے گھریلو جھگڑے پر اپنی بیوی صفیہ جس کی عمر 50 سال تھی، کو قتل کر دیا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ علی نواز معمولی باتوں پر اپنی بیوی کو اکثر تشدد کیا کرتا تھا، اور یہ واقعات روزانہ کا معمول بن چکے تھے۔

ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ روز روز کے جھگڑوں کی وجہ سے پڑوسیوں نے بھی ان معاملات میں مداخلت کرنا چھوڑ دی تھی۔

ایس ایچ او کے مطابق خاتون کے قتل کے بعد مقتولہ صفیہ کے اہل خانہ نے علی نواز کو بھی قتل کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ علی نواز نے کلہاڑی اور ڈنڈوں سے اپنی بیوی کو بے دردی سے مارا پیٹا جس سے وہ جاں بحق ہو گئی, علی نواز کو بھی اسی طرح بے رحمی سے مارا گیا۔

بعد ازاں، دونوں لاشوں کو لیاقت یونیورسٹی ہسپتال (ایل یو ایچ) سٹی برانچ منتقل کر دیا گیا۔

پولیس نے کچھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، تاہم اب تک کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہو سکی۔

ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ صفیہ کے اہل خانہ کے مطابق علی نواز نے اس سے پہلے بھی دو افراد، ویکیو پنھور اور لطیف پنھور کو قتل کیا تھا اور اس جرم میں جیل بھی کاٹ چکا تھا۔