ماں نے شادی شدہ بیٹے کو گرل فرینڈ کیساتھ جانے سے روکنے کیلئے طیارے میں بم کی جھوٹی اطلاع دیدی
ایک ماں نے اپنے شادی شدہ بیٹے کو اُس کی مبینہ گرل فرینڈ کے ساتھ نیپال جانے سے روکنے کے لیے ڈھاکا سے کھٹمنڈو جانے والی بِیمن بنگلہ دیش ایئرلائنز کی پرواز پر بم کی جھوٹی اطلاع دی۔
ڈھاکا ٹریبون کے مطابق ریپڈ ایکشن بٹالین (آر اے بی) نے ہفتہ کے روز بتایا کہ اب تک اس واقعے کے سلسلے میں 3 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جمعہ کی دوپہر ایک نامعلوم کال میں دعویٰ کیا گیا کہ ڈھاکا سے کھٹمنڈو جانے والی بِیمن بنگلہ دیش ایئرلائنز کی پرواز میں بم موجود ہے، اس کال کے بعد طیارے کی 3 گھنٹے تک تلاشی لی گئی لیکن کوئی دھماکہ خیز مواد نہیں ملا۔
یہ تفصیلات آر اے بی کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) شاہد الرحمٰن نے ہفتہ کی صبح ڈھاکا کے کاروان بازار میں ایک پریس کانفرنس میں شیئر کیں۔
ڈی جی کا کہنا تھا کہ کل ایئر ٹریفک کنٹرول کو ایک کال موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ ڈھاکا سے کھٹمنڈو جانے والی بِیمن بنگلہ دیش ایئرلائنز کی پرواز میں بم ہے۔
مزید کہا کہ اس کال کے نتیجے میں پرواز روک دی گئی اور 3 سے 4 گھنٹے تک اس کی تلاشی لی گئی، لیکن کچھ نہیں ملا۔
شاہد الرحمٰن کا کہنا تھا کہ اس واقعے نے ایئرلائن کی ساکھ کو اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک شدید نقصان پہنچایا کیوں کہ اس سے قبل بھی ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں، جن میں فون پر بم کی اطلاع دی گئی لیکن تلاشی کے بعد کچھ برآمد نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کے فوراً بعد ہم نے تحقیقات شروع کیں، رات بھر کارروائیاں کی گئیں اور 3 افراد کو گرفتار کیا گیا، اس حوالے فوج اور دیگر خفیہ اداروں نے ہماری مدد کی۔
ڈی جی نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران پتا چلا کہ ایمان نامی شخص اس پرواز سے اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ نیپال جا رہا تھا اور جب ایمان کی بیوی اور ماں کو اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے اُسے روکنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہیں۔
بعد ازاں، ایمان کے ایک اور دوست عمران نے مشورہ دیا کہ اگر ایئر ٹریفک کنٹرول کو بم کی اطلاع دی جائے تو پرواز منسوخ ہو سکتی ہے، اس مشورے پر ایمان کی ماں نے جھوٹی بم کی کال کی۔